کم عمر ڈرائیور کی غفلت خوفناک حادثے کا سبب بن گئی، تین نوجوان موت کی آغوش میں چلے گئے

حادثہ جوہر ٹائون ڈاکٹر ہسپتال کے قریب کار نہر میں گرنے سے پیش آیا ،امدادی ٹیموں نے لاشیں ، گاڑی باہر نکال لی

بدھ 21 مئی 2025 17:36

کم عمر ڈرائیور کی غفلت خوفناک حادثے کا سبب بن گئی، تین نوجوان موت کی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء)جوہر ٹائون کے علاقے میں تیز رفتاری اور کم عمر ڈرائیور کی غفلت خوفناک حادثے کا سبب بن گئی، کینال روڈ پر کار نہر میں گرنے سے تین نوجوان جاں بحق ہوگئے۔بتایا گیا ہے کہ جوہر ٹائون کے قریب کینال روڈ پر افسوس ناک حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جہاں تین نوجوان گاڑی سمیت نہر میں جا گرے ۔

عینی شاہدین کے مطابق تیز رفتار کار فٹ پاتھ پر لگے بجلی کے کھمبے سے ٹکرائی اور نہر میں گر گئی۔

(جاری ہے)

اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور سب سے پہلے تینوں نوجوانوں کو باہر نکال کر ان کی سانسیں بحال کرنے کی بھرپور کوششیں کی گئی جو بے سود رہیں جس کے بعد لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔حادثے کے بعد ریسکیو اہلکار وں نے 3 گھنٹے کے آپریشن کے بعد کرین کی مدد سے نہر میں گری گاڑی کو باہر نکالا ۔

حادثے کے باعث کینال روڈ پر ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر رہا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔یدھی ترجمان کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک نوجوان کی شناخت 16سالہ حمزہ علی کے نام سے ہوئی ، دوسر ے نوجوان کی شناخت لیک سٹی کے رہائشی 18سالہ محمد علی اور تیسرے نوجوان کی شناخت 16سالہ مصطفی کے نام سے ہوئی ہے۔