بچوں سے جبری مشقت کے تدارک اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد

بدھ 21 مئی 2025 19:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) بچوں سے جبری مشقت کے تدارک اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں نیشنل کمیشن آن رائٹس آف چائلڈ (NCRC) اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے ممبران نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس کے دوران ممبر خیبر پختونخوا ماھان آفریدی، ممبر بلوچستان عبدالحئی اور ممبر پنجاب نادیہ بی بی نے چائلڈ لیبر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور موجودہ صورتحال، چیلنجز اور ممکنہ حل پر روشنی ڈالی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے اس موقع پر کہا کہ بچوں کا تحفظ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدام کرے گی تاکہ چائلڈ لیبر جیسے سنگین مسئلے کا مؤثر طور پر تدارک کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے آگاہی مہم، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ، اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مضبوط کوآرڈینیشن کو ترجیح دی جائے گی۔این سی آر سی کے نمائندوں نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون کو سراہا اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔