نئی صنعتی بستیوں کے قیام میں چھوٹے سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کی منصوبہ بندی کی جائے،عبدالکریم

بدھ 21 مئی 2025 19:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواء کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر نے کہا ہے کہ نئی صنعتی بستیوں کے قیام میں چھوٹے سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کی منصوبہ بندی کی جائےتاکہ مقامی لوگوِں کو آسانی سے سرمایہ کاری کرنے کا موقع ملے جو ان کا بنیادی حق ہے۔ انھوں نے سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ کے تحت صوبے میں نئے منصوبوں کی فعالیت کے حوالے سے کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ کوہاٹ روڈ پشاور میں نئی سمال انڈسٹریل اسٹیٹس باجوڑ اور مانسہرہ II کے حوالے سے دی گئی بریفنگ میں کیا۔اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر عبد الحمید خان، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز انجینئر ذوالفقار علی صاحبزادہ اورنعمان فیاض، جائنٹ ڈائریکٹر انجینئر صفدر عباس آفریدی، ڈپٹی ڈائریکٹرز انجینئر زوہیب حسن اورانجینئر سعود الحق بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی کو اس موقع پر مذکورہ نئے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی گئی۔اس موقع باجوڑ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کی پراگریس کا بھی جائزہ لیا گیا اور اسکے ماسٹر پلان اور ڈیزائن کا جائزہ لیا گیا جبکہ اس میں مزید بہتری لانے کیلئے متعلقہ کنسلٹنٹ کو ہدایات جاری کی گئی۔بریفنگ میں ملاکنڈ ڈویژن میں انرجی کوریڈور سے متعلقہ علاقوں میں صنعتی شعبے کی ترقی کے حوالے سے بھی جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میں دیر کے علاقے میں ممکنہ صنعتی بستیوں کیلئے نشاندھی کی گئی سائٹس پر بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر معاون خصوصی نے کہا کہ کوشش ہونی چاہیے کہ ان صنعتوں کے قیام سے مقامی لوگوں کو باعزت روزگار ملے اور مقامی صنعتوں کی ترقی اور فروغ کیلئے یہ بستیاں ایک اہم ذریعہ ثابت ہوں۔انھوں نے کہا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں ان صنعتوں بستیوں کے قیام سے علاقہ ترقی کرے گا اور ان علاقوں کی نسبت اور خصوصیات کے حامل کاروبار اور صنعتیں آگے لائی جائیں گی۔معاون خصوصی نے کہا کہ جبوڑی ہائیڈرو پاور منصوبہ جو کہ صوبے کا اپنا بجلی منصوبہ ہے سے مانسہرہ IIکے قریب بننے والی صنعتی بستی کو سستے نرخوں پر بجلی فراہم کی جائے گی جس سے علاقے کی مقامی صنعتیں بلا کسی روکاوٹ ترقی کریں گی۔