Live Updates

معصوم بچوں کی شہادت پوری قوم کے لئے باعثِ رنج و الم ہے، وزیر اعظم نے آرمی چیف کو فیلڈ مارشل بنا کر مضبوط اور واضح پیغام دیا،انوارالحق کاکڑ

جمعرات 22 مئی 2025 11:54

معصوم بچوں کی شہادت   پوری قوم کے لئے باعثِ رنج و الم ہے،   وزیر اعظم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2025ء) سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ معصوم بچوں کی شہادت کا دلخراش واقعہ پوری قوم کے لیے باعثِ رنج و الم ہے۔جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس میں انہوں نے سانحہ خضدار کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔بھارت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی میں تکبر کے دیوتا کو شکست ہوئی ہے، اور پہلگام واقعے کی بنیاد پر پاکستان پر حملہ آور ہونے کی جو سوچ پروان چڑھائی جا رہی ہے، وہ ایک شدت پسندانہ ذہنیت کی عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کا خواب درحقیقت بی جے پی کے سیاسی ایجنڈے کا حصہ بن چکا ہے، جس کے ذریعے وہ پورے خطے کے امن کو داؤ پر لگا رہی ہے۔سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے کہاکہ کل جو اندوہناک واقعہ پیش آیا، اس نے پوری قوم کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

معصوم بچوں کی شہادت نے قوم کو غمزدہ کر دیا ہے۔بھارتی انتہا پسندانہ نظریات پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تکبر کے دیوتا دراصل آر ایس ایس جیسے نظریات کے پرچارک ہیں، جو شدت پسندی کو فروغ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاک بھارت کشیدگی میں تکبر کے دیوتا کو شکست ہوئی ہے، اور یہ ان کا وہ خواب ہے جسے وہ ہندوتوا کے فلسفے کے ذریعے حقیقت بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوتوا کے علمبردار سمجھتے ہیں کہ وہ دنیا کو طرزِ زندگی سکھائیں گے، جو ان کی خام خیالی ہے۔ یہ دراصل آر ایس ایس کا خواب ہے، جو پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔ سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے حالیہ قومی و دفاعی صورتحال پر تفصیلی اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم، عسکری قیادت، اپوزیشن، میڈیا اور عوام کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے کہاکہ وزیر اعظم شہباز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے قومی وقار کا بھرپور دفاع کیا۔انہوں نے عسکری قیادت کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ قوم کے دفاع میں عسکری قیادت کا اقدام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہاکہ وزیر اعظم نے آرمی چیف کو فیلڈ مارشل بنا کر ایک مضبوط اور واضح پیغام دیا، جس سے قومی اتحاد کا مظاہرہ ہوا۔سینیٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں، میڈیا اور عوام نے ایک مؤقف پر متحد ہو کر بھارت کو بھرپور جواب دیا، جو قومی یکجہتی کی بہترین مثال ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات