Live Updates

ٓبانی پی ٹی آئی کے پولی گرافک ٹیسٹ سے انکار کی وجہ جھوٹ بے نقاب ہونے کا خوف ہے‘ عظمی بخاری

جمعرات 22 مئی 2025 21:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2025ء)وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان 3 دن سے پولی گرافک ٹیسٹ کرنے والی ٹیم سے چھپ رہے ہیں۔عظمی بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہا حسب روایت عمران خان نے تیسری مرتبہ پولی گرافک ٹیسٹ کروانے سے انکار کر دیا، کبھی بادشاہ سلامت سو کر نہیں اٹھتے، کبھی کھانا کھا رہے ہیں اور کبھی ان کے وکلا نہیں آئے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو آج بھی یقین نہیں ہو رہا وہ سزا یافتہ مجرم ہیں، جیل میں قید ہیں، عمران خان جان لیں یہ بنی گالہ نہیں اڈیالہ ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پولیس پیچھے پیچھے ہے، 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ آگے آگے ہے، 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ اپنا جھوٹ بینقاب ہونے کے خوف سے راہ فرار اختیار کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس عدالتی حکم پر بانی پی ٹی آئی کے ٹیسٹ کرنے جیل پہنچی۔

عظمی بخاری نے کہا کہ عمران خان کی بہنیں اور ان کی پارٹی قیادت روزانہ ہمیں عدالتی احکامات کی دلیلیں دیتے ہیں جبکہ بانی پی ٹی آئی خود عدالتی احکامات کو ماننے کیلیے تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی ایک بغاوت تھی، ریاست کے خلاف سازش تھی، 9 مئی کے کرداروں اور سہولت کاروں کو اس کے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات