Live Updates

سندھ کے پانی کا رونا ڈالنے والوں نے پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کو پیاسا مار رکھا ہے، سینیٹر نسرین جلیل

سوئی سے لیکر جہاز تک پر بھاری بھرکم محصول دینے والا شہر تعصب اور بدنیتی کی بھینٹ چڑھا ہوا ہے،ایم کیو ایم پاکستان کی سینئر رہنما و حق پرست سینیٹر نسرین جلیل کا کراچی میں شدید قلت آب پر گہری تشویش اور برہمی کا اظہار

جمعرات 22 مئی 2025 21:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2025ء)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی سینئر رہنما سینیٹر نسرین جلیل نے کراچی میں شدید قلت آب پر گہری تشویش اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سندھ حکومت اور واٹر کارپوریشن کی ملی بھگت نے شہریوں کو پیاسا مار دیا ہے، آئے روز ہونے والی لائنوں کی ٹوٹ پھوٹ کے نام پر ہفتوں تک بنیادی سہولت کے معطل رہنے میں حکومت سندھ اور واٹر کارپوریشن کی بدنیتی کا عنصر نمایاں نظر آتا ہے شدید گرمی میں پانی جیسی اہم ضرورت کی عدم دستیابی صوبائی حکومت واٹر کارپوریشن اور ٹینکر مافیا کے گٹھ جوڑ کا شاخسانہ ہے، سندھ کے پانی کا رونا ڈالنے والوں نے پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کو پیاسا مار رکھا ہے، نسرین جلیل کا کہنا تھا کہ لانڈھی کورنگی ملیر شاہ فیصل کالونی محمود آباد برنس روڈ لیاری بلدیہ ٹان اورنگی گلشن اِقبال گلستان جوہر ناظم آباد نارتھ کراچی سرجانی ٹان غرض یہ کہ پورے معاشی حب کو منظم سازش کے تحت اور من پسند مافیا کو نوازنے کے لئے پیاسا رکھا جارہا ہے سوئی سے لیکر جہاز تک پر بھاری بھرکم محصول دینے والا شہر تعصب اور بدنیتی کی بھینٹ چڑھا ہوا ہے، نسرین جلیل نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت لاوارث شہر کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لئے فی الفور اپنا کردار ادا کرے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات