Live Updates

مقامی سطح پر کاروبار کے نمایاں اور پرکشش شعبوں میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں،عبدالکریم تورڈھیر

جمعہ 23 مئی 2025 11:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر نے صنعتکاروں اور کاروباری حضرات پر زور دیا ہے کہ وہ آئیں اور مقامی سطح پر کاروبار کے نمایاں اور پرکشش شعبوں میں سرمایہ لگائیں جن میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پری بجٹ مشاورتی سیشن میں کابینہ کے دیگر ارکان کےساتھ شرکت کرنے کے موقع پر شرکا کی ایک نشست سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

سیشن میں صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن خلیق الرحمان،مشیر خزانہ مزمل اسلم،سیکرٹری ایکسائز خالد الیاس و دیگر حکام اور چیمبر کے صدر فضل مقیم سمیت دیگر کابینہ اراکین،تاجروں،صنعتکاروں اورسرمایہ کاروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

منعقدہ سیشن سے مشیر خزانہ و دیگر شرکانے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر عبدالکریم تورڈھیر نے کہا کہ صوبے میں کئی ایسے ذرائع کاروبار اوروسائل ہیں جن کو کاروباری اور سرمایہ کاری کی نقطہ نگاہ سے انتہائی اہمیت حاصل ہے۔

انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت خیبرپختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے تحت صوبے میں امکانی اور ترغیبی سرمایہ کاری شعبوں کے ذرائع سے متعلق ہر قسم کی معلومات اور تعاون فراہم کرنے کےلئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ صوبہ کئی چیلنجز کے باوجود کاروبار اور سرمایہ لگانے کیلئے خاصا پُرکشش ہے اور ہماری کوشش ہے کہ یہاں پر اپنی استعداد کے مطابق کاروبار اور تجارتی سرگرمیوں کے لئے ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کریں۔

انھوں نے کہا کہ پیپسی کولا انٹرنیشنل حطار میں تین ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری سے اپنے نصب پلانٹ کو مزید وسعت دینے کیلئے گزارش کر چکی ہے جبکہ ایک اور سرمایہ کار گروپ نے حطار ہی میں 75 ایکڑ اراضی کے حصول کا تقاضا کیا ہے۔اسی طرح چراٹ سیمنٹ مقامی سطح پر اپنے کاروبار کو مزید وسعت دینے کیلئے دوسرا یونٹ لگا رہی ہے۔اس کا مطلب بھی یہی ہے کہ خیبر پختونخوا اب صنعتکاری کیلئے ایک پرکشش مقام بنتا جارہا ہے۔

ہم اپنی صنعتوں کو مقامی بجلی سے سستی بجلی دینے کیلئے بھی اقدامات کررہے ہیں اور کاروبار میں آسانی کیلئے بھی ہر ممکن سہولت دینے کیلئے صوبائی بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کی جانب سے ہر تعاون فراہم کیاجائے گا۔انھوں نے کہا کہ یہاں کے تاجر اور سرمایہ کار ایک لحاظ سے غازی ہیں جنھوں نے یہاں پر طرح طرح کے نامساعد حالات کے باوجود یہاں پر اپنے کاروبار کو دوام دیا اور یہاں سے کہیں اور نقل مکانی نہیں کی۔انھوں نے کہا کہ آج وقت آگیا ہے کہ یہ افراد اپنے مقامی مناسب کاروباری شعبوں میں سرمایہ کاری کریں اور صوبے کی اقتصادی ترقی و خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالیں۔انھوں نے چیمبرز اور کاروباری افراد کو ہر تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات