ورلد ٹرٹل ڈے کے موقع پر دی سپرٹ سکول کوبے چک میں منفرد اور معلوماتی نمائش کا انعقاد

جمعہ 23 مئی 2025 14:10

سیالکوٹ ،23 مئی (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) ورلد ٹرٹل ڈے کے موقع پر دی سپرٹ سکول کوبے چک میں نایاب نسل کے کچھوؤں کی ایک منفرد اور معلوماتی نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ، اساتذہ، والدین اور مقامی شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ممتاز ماہرِ تعلیم، قانون دان، اور سیاسی و سماجی رہنما ملک شفقت علی اعوان تھے جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کچھوے نہ صرف زمین کے قدیم ترین جانداروں میں شامل ہیں بلکہ ماحولیاتی توازن میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔

اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ ہم قدرتی حیات، بالخصوص ان جانداروں کے تحفظ کی طرف توجہ دیں جو خاموشی سے ہماری زمین کو متوازن رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

کچھوے آبی اور زمینی نظام کا اہم جزو ہیں، اور ان کی بقا خطرے میں ہے۔ ہمیں اپنی نئی نسل کو اس حوالے سے تعلیم دینا ہو گی کہ حیاتیاتی تنوع کے بغیر انسانی زندگی ممکن نہیں۔

ملک شفقت علی اعوان نے کہا کہ پاکستان میں کچھوؤں کی متعدد نایاب اقسام موجود ہیں جو بدقسمتی سے غیر قانونی شکار، ماحولیاتی آلودگی، اور مساکن کی تباہی کے باعث تیزی سے معدوم ہو رہی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی ادارے بچوں میں ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے میں بنیادی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اسکول کی سطح پر ماحولیات، جنگلی حیات اور قدرتی وسائل کے حوالے سے ایسے پروگرامز کو فروغ دینا ہو گا جو بچوں کو عملی طور پر سکھائیں کہ قدرت کی حفاظت کیسے کی جاتی ہے۔

اس موقع پر سپرٹ سکول کوبے چک کےبچوں نے کچھوؤں پر مبنی معلوماتی چارٹس، ماڈلز، اور تحریری خاکے پیش کیے جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔ اسکول کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت پر مبنی پیغامات بھی دیواروں پر آویزاں کیے گئے۔ نمائش میں رکھے گئے کچھوے مکمل حفاظتی اقدامات کے ساتھ رکھے گئے تھے اور ماہرینِ حیوانات نے ان کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔

تقریب کے اختتام پر ملک شفقت علی اعوان نے اس شاندار اقدام پر اسکول انتظامیہ، بالخصوص اساتذہ اور طلبہ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بطور ایک سماجی و سیاسی کارکن، آئندہ بھی قدرتی ماحول کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات وقت کی ضرورت ہیں کیونکہ آنے والی نسلوں کو قدرت سے جوڑنا، انہیں محفوظ بنانا ہے۔