ٹاسک فورس اجلاس، پنجاب میں ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی شرح میں کمی رپورٹ

جمعہ 23 مئی 2025 16:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) پنجاب میں ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی شرح میں کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو نے صوبے میں وائرس پر قابو پانے کیلئے خصوصی اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔جمعہ کے روز سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کے دوران صوبائی ٹاسک فورس کو آگاہ کیا گیا کہ پنجاب میں ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی شرح میں کمی رپورٹ ہوئی ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپریل کی انسداد پولیو مہم کی کامیابی کا تناسب 98 فیصد رہا۔اجلاس میں صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، وزیر اعلی کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عظمی کاردار،داخلہ، صحت کے محکموں کے سیکرٹریز، پولیو کے خاتمے کیلئے کام کرنے والے عالمی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اورڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے میں محکمہ صحت، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اپریل کی انسداد پولیو مہم میں نقل پزیر آبادی اور مسڈ چلڈرن کی کوریج کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے تھے جس کے باعث خاطر خواہ کامیابی ملی ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ گرمی کے موسم میں انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانا ایک چیلنج ہے، 26مئی سے شروع ہونیوالی انسداد پولیو مہم کے دوران کولڈ چین برقرار رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔چیف سیکرٹری نے محکمہ داخلہ کو ٹرانزٹ پولیو ٹیموں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے سے متعلق ہدایات بھی جاری کیں۔ پولیو کے خاتمے کیلئے کام کرنے والے عالمی اداروں کے نمائندوں نے وائرس پر قابو پانے کی پنجاب حکومت کی کوششوں کی تعریف کی۔ محکمہ صحت کے حکام نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 26 مئی سے ہوگا۔لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی میں مہم یکم جون تک جاری رہے گی جبکہ دیگر اضلاع میں 30 مئی کو اختتام پذیر ہوگی۔