حماس کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رہیں گی، اسرائیلی وزیراعظم

جمعہ 23 مئی 2025 22:10

حماس کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رہیں گی، اسرائیلی وزیراعظم
تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2025ء)اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے فرانسیسی صدر عمانوئل ماکروں، برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹامر اور کینیڈا کے وزیرِ اعظم مارک کارنی کو یہ پیغام دیا ہے کہ آپ انصاف اور انسانیت کی غلط جانب کھڑے ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق یہ بیان ان تینوں ممالک کی جانب سے غزہ میں اسرائیلی حکومت کے قابلِ مذمت افعال کی مذمت کے بعد سامنے آیا ہے۔

نیتن یاہو نے وڈیو بیان میں کہا میں صدر ماکروں، وزیرِ اعظم کارنی، اور وزیرِ اعظم اسٹامر سے کہتا ہوں کہ جب قاتل اور اغوا کار آپ کا شکریہ ادا کریں، تو آپ انصاف کی غلط جانب کھڑے ہوتے ہیں۔ آپ انسانیت کی غلط جانب کھڑے ہوتے ہیں۔ اور آپ تاریخ کی غلط طرف کھڑے ہوتے ہیں۔انھوں نے کہا یورپی رہنما حماس کے پروپیگنڈے سے دھوکہ کھا گئے ہیں۔

(جاری ہے)

نیتن یاہو نے واضح کیا کہ فلسطینی تحریک حماس کے خلاف اسرائیل کی فوجی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انھوں نے مزید کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اسرائیل ہتھیار ڈال دے، حماس کو باقی رہنے دے تاکہ وہ دوبارہ منظم ہو، اور 7 اکتوبر کے قتلِ عام کو بار بار دہرایا جائے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے مطابق یہ رہنما حماس کو ہمیشہ کے لیے لڑائی جاری رکھنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔اسی طرح نیتن یاہو نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کی جانب سے غزہ میں قحط سے متعلق دی جانے والی رپورٹیں جھوٹی ہیں۔ انھوں نے یہ اشارہ دیا کہ اسرائیل جنوبی غزہ میں بڑے پیمانے پر محفوظ علاقے قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جہاں آبادی کو منتقل کیا جائے گا۔