حیدرآباد میں نوجوانوں کے لیے تین روزہ "یوتھ امپاورمنٹ سمٹ سندھ" کا آغاز

جمعہ 23 مئی 2025 20:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) حکومتِ سندھ کے زیرِ اہتمام نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرنے اور جدید علوم سے روشناس کرانے کے مقصد سے تین روزہ "یوتھ امپاورمنٹ سمٹ سندھ" کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ یہ پروگرام سندھ میوزیم حیدرآباد میں جاری ہے۔ سمٹ کا افتتاح سیکرٹری کھیل و امورِ نوجوانان عبدالعلیم لاشاری اور ڈپٹی سیکرٹری اسد اسحاق نے کیا۔

اس موقع پر عبدالعلیم لاشاری نے کہا کہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل میڈیا، مصنوعی ذہانت، کاروباری صلاحیتوں اور دیگر اہم موضوعات پر تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق خود کو تیار کر سکیں۔ تین روزہ سمٹ میں نوجوانوں کے لیے مختلف معلوماتی اور تربیتی سیشنز منعقد کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پہلے دن کے پہلے سیشن کا موضوع "یوتھ اکنامک امپاورمنٹ تھرو انٹرپرینیورشپ" تھا، جس میں ڈاکٹر شیرین ناریجو، حرا لاشاری اور ثناء شاہ نے نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کے فروغ پر زور دیا۔

دوسرے سیشن میں "سوشیو اکنامک امپاورمنٹ میں فن و ادب کا کردار" کے موضوع پر محمد ذیشان، وحیدہ بلوچ، اور ڈاکٹر تیمور لال نے خطاب کیا اور فنون لطیفہ و ادب کو معاشرتی تبدیلی کا اہم ذریعہ قرار دیا۔ ایونٹ میں ایڈیشنل سیکرٹری اسد اسحاق، ڈپٹی ڈائریکٹر سید حبیب، اسسٹنٹ ڈائریکٹر رضوان، فرید احمد، ڈی ایس او مریم کیریو سمیت دیگر اہم حکام شریک ہیں۔

سمٹ میں معروف گلوکار سیف سمیجو بھی اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔ اس موقع پر سیکرٹری کھیل عبدالعلیم لاشاری اور رکن سندھ اسمبلی صائمہ آغا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ حکومت نوجوانوں کے لیے سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور نوابشاہ سمیت دیگر شہروں میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرے گی تاکہ نوجوانوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :