لیویز فورس نے منشیات کے خلاف دو مختلف کارروائیوں میں 549 کلوگرام سے زائد چرس برآمد کرلی ،اے سی تربت

جمعہ 23 مئی 2025 21:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ نے کہا ہے کہ لیویز فورس نے منشیات کے خلاف دو مختلف کارروائیوں میں 549 کلوگرام سے زائد چرس برآمد کرلی ہے جبکہ دو پک اپ گاڑیاں بھی تحویل میں لی گئی ہیں ۔ لیویز تھانہ تربت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پہلی کارروائی آج صبح تقریباً سوا پانچ بجے کیساک چیک پوسٹ پر کی گئی۔

روٹین ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک پک اپ گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا جس پر ڈرائیور نے گاڑی بھگا دی۔ لیویز فورس نے تعاقب کیا تاہم ڈرائیور کیساک بازار کی جانب گاڑی کو چھوڑ کر تنگ گلیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران 222 کلوگرام چرس برآمد ہوئی ۔دوسری کارروائی دیات چیک پوسٹ کے قریب ایک مخبر کی خاص اطلاع پر کی گئی۔

(جاری ہے)

لیویز اہلکاروں نے ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی مگر ڈرائیور نے گاڑی کو میرانی ڈیم کی طرف بھگایا بالآخر وہ پہاڑی سلسلے میں گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگیا، اس گاڑی سے بھی بڑی مقدار میں چرس برآمد کی گئی ۔اسسٹنٹ کمشنر محمد جان بلوچ نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی ہدایت پر لیویز فورس منشیات کے ناسور کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے،ہم ہرگز برداشت نہیں کریں گے کہ یہ علاقہ منشیات کی گزرگاہ بنے ،ایسے عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا جو اس روٹ کو منشیات کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں تاکہ منشیات کی لعنت کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔