آرگینک کی قومی برآمدات میں اضافہ ، عالمی نمائشوں میں شرکت کیلئے ٹڈیپ معاونت فراہم کرے ، نجم مزاری

ہفتہ 24 مئی 2025 15:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2025ء) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان (ٹڈیپ )بیرون ممالک نمائشوں میں شرکت کیلئے بھرپور مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کرے تاکہ پاکستان کی آرگینک خوراک اور مصنوعات کی عالمی سطح پر تشہیر ممکن بنائی جا سکے ، سنگل کنٹری نمائشوں کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں،اگر حکومت اور نجی شعبہ مل کر کام کریں تو پاکستان آرگینک ایکسپورٹ میں اپنی پہچان قائم کر سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے آرگینک زراعت میں دلچسپی لینے والے کاشتکاروں کے ایک وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ نجم مزاری نے وفد کو آرگینگ مصنوعات کی عالمی مارکیٹ کے حجم اور پاکستان کی استعداد کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں آرگینک خوراک کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اسی رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کے لیے بیرونی منڈیوں میں بے پناہ مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

اگر مناسب حکمت عملی اختیار کی جائے تو پاکستان اربوں ڈالر کی آرگینک مصنوعات برآمد کر سکتا ہے۔ایک تخمینے کے مطابق2030 تک آرگینک خوراک اور مصنوعات کی مارکیٹ 300 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گی،اس تناظر میں پاکستان کے لیے یہ ایک نادر موقع ہے کہ جن ممالک کو برآمدات کی جارہی ہیں انہیںآرگینک خوراک اورمصنوعات بھی بھجوائی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ آرگینک خوراک اور مصنوعات کی تیاری ، اس کی لیبلنگ ، سرٹیفکیشن ،عالمی سطح پر تشہیر اور برآمدات کے لئے مختلف اداروں کا تعاون اور اشتراک نا گزیر ہے۔

آغاز میں عالمی منڈیوں میں جگہ بنانے کیلئے ٹیکسز میں چھوٹ اور فریٹ میں سبسڈی دی جانی چاہیے ۔اس شعبے کی ترقی سے نہ صرف پاکستان کے لئے قیمتی زر مبادلہ کمایا جا سکتا ہے بلکہ روزگار کے لاکھوں نئے مواقع بھی پیدا کئے جا سکتے۔