میرپورخاص میں دیہی خواتین کی دستکاریوں کو روشناس کروانے کے متعلق "ہنر بھی اس کا منافع بھی اس کا" کے نام سے فیسٹیول کا انعقاد

ہفتہ 24 مئی 2025 18:30

میرپورخاص (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2025ء) چیئرمین ضلع کونسل میر انور علی خان تالپور نے کہا ہے کہ حکومت سندھ اور ڈویژنل انتظامیہ دیہی خواتین کے دستکاریوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے تاکہ دیہی خواتین اپنی محنت کا معاوضہ خود وصول کرسکیں اور ملکی معیشت کو مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ یہ بات انہوں نے ڈویژنل انتظامیہ میرپور خاص، محکمہ سماجی بہبود اور سماجی تنظیموں کے تعاون سے میرپور خاص، عمرکوٹ اور تھرپارکر کی دیہی خواتین کی جانب سے بنائے گئے دستکاریوں کو روشناس کروانے کے متعلق مقامی نجی ہوٹل ہال میں "ہنر بھی اس کا منافع بھی اس کا"کے تحت منعقدہ ایک روزہ وومین ہینڈی کرافٹس فیسٹیول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ میرپور خاص نے دیہی خواتین کے ہنر کو روشناس کروانے اور ان کے ہنر کو مارکیٹ تک رسائی کے لیے نمائش منعقد کر کے ایک اچھا قدم اٹھایا ہے جس سے دیہی خواتین کے ہنر کا ان کو حقیقی معاوضہ مل سکے گا۔

(جاری ہے)

چئیرمین ضلع کونسل نے حکومت سندھ کو سفارش پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ محکمہ سماجی بہبود کی مدد سے دیہی خواتین کے ہنر کو فروغ دینے کے لیے بلا سود قرضہ فراہم کرے تو وہ مزید دستکاری کو فروغ دے سکیں گی۔

قبل ازیں ڈویژنل کمشنر میرپور خاص فیصل احمد عقیلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے دیہی خواتین کے ہنر کو روشناس کروانے ،ان کے ہنر کو مارکیٹ تک رسائی کروانے اور انہیں ان کے ہنر کاحقیقی معاوضہ دلانے کے لئے اس نمائش کا انعقاد کیا ہے تاکہ دیہی سطح پر دستکاری کا کام کرنے والی خواتین کے ہنر کو روشناس کرواکر مارکیٹ تک رسائی ممکن بنانا ہے انہوں نے محکمہ سماجی بہبود اور میرپور خاص میں کام کرنے والی مختلف سماجی تنظیموں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نمائش کو کامیاب بنایا اورایک ٹیم ورک کے طور پر کام کیا کمشنر نے کہا ڈویژنل انتظامیہ کی کوششوں سے میرپور خاص شہر کی مختلف بڑی سپر مارکیٹوں میں دیہی خواتین کے ہنر کے ڈسپلے کاونٹر قائم کئے گئے ہیں جس سے براہ راست معاوضہ انہیں خواتین کو ملے گا جو خود اس نے اپنے ہاتھوں سے بنایا ہے اور کہا کہ کوشش ہے کہ دیگر بڑے شہروں میں بھی ڈسپلے کاؤنٹر قائم کروائے جائیں اور کہا کہ دیہی خواتین کے ہنر کو آن لائن فروخت کرنے کے لیے ای کامرس بھی تشکیل دی جائے گی۔

کمشنر نے بتایا کہ اس نمائش میں 100خواتین کی جانب سے 50سے زائد اسٹال اور 3 ہزار سے زائد دستکاری ہنر رکھی گئی ہیں جو دیہی خواتین کی محنت کا عکس ہیں۔ اس موقع پر عوام بالخصوص خواتین کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے کمشنر نے ایک روزہ نمائش کو اتوار تک جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر میرپور خاص ڈاکٹر رشید مسعود نے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ نے ڈویژن بھر کی دیہی خواتین کے ہنر کو روشناس کرانے کے لئے ایک بہترین حکمت عملی بنائی ہے جس کا اصل مقصد دیہی خواتین کے ہنر کو روشناس کرکے انہیں خود کفیل بنانا ہے۔

قبل ازیں چیئرمین ضلع کونسل میر انور تالپور نے کمشنر میرپور خاص فیصل احمد عقیلی، ڈی آئی جی پولیس زبیر دریشک ،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر رشید مسعود خان اور ایڈیشنل کمشنر ٹو سید ابرار علی شاہ کے ہمراہ مختلف دیہی خواتین کے ہنر کے دستکاری اسٹالز کا معائنہ کیا اور گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ نمائش میں دیہی خواتین کے دستکاری ہنر کشیدہ کاری، چادریں ، ثقافتی رلی، شال ، برتن ،کپڑے،جوتے،چوڑیاں بیگ،پرس اوردیگر دستکاری اشیاء کے اسٹال لگائے گئے تھے۔اس موقع پر نمائش کو کامیاب بنانے کے لیے تعاون کرنے والے اداروں اورسماجی تنظیموں کے نمائندوں میں شلیڈیں تقسیم کی گئیں۔\378