الخدمت فائونڈیشن کی جانب سےقربانی کیلئے ڈیڑھ ارب روپے خرچ کئے جائیں گے،20لاکھ مستحقین تک گوشت پہنچانا ہدف ہے ،پروفیسرڈاکٹرحفیظ الرحمن

ہفتہ 24 مئی 2025 18:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2025ء) صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسرڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہاہے کہ ہر سال کی طرح رواں برس بھی الخدمت ملک بھر کے یتیم،غریب ومساکین،بیواؤں،خواجہ سرا ؤں اورقیدیوں سمیت مستحقین کیلئے قربانی فی سبیل ا للہ کااہتمام کررہی ہے،امسال عیدالاضحی کے موقع پر چھ ہزار بڑے اور چار ہزار چھوٹے جانوروں کی قربانی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس سے ملک بھر کے بیس لاکھ سے زائد مستحقین کو گوشت فراہم کیا جائے گا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے قربانی مہم کی لانچنگ کے موقع پر الخدمت ہیڈآفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین کمیونٹی سروسز ومرکزی نائب صدرذکراللہ مجاہد،نیشنل ڈائریکٹر عامرمحمودچیمہ،ریجنل صدراکرام الحق سبحانی سمیت دیگرذمہ داران نے بھی اظہارخیال کیا۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا کہ عیدالاضحی میں قربانی کیلئے ڈیڑھ ارب روپے خرچ کئے جائیں گے،گزشتہ برس کی طرح رواں سال بھی مصر،اردن القدس اور ویسٹ بینک میں الخدمت چھوٹے اور بڑے جانوروں کی قربانی کے ذریعے غزہ مہاجرین کو گوشت فراہم کرے گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وہ گزشتہ عید الاضحی کی طرح یہ عید بھی فلسطینی مہاجرین کے ساتھ منائیں گے اور مصر میں موجود غزہ کے متاثرین میں قربانی کا گوشت تقسیم کریں گے۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا ملک گیر نیٹ ورک چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موجود ہے، تربیت یافتہ رضاکار نگران کمیٹیاں اور ویٹرنری ماہرین جانوروں کی خریداری، دیکھ بھال، شرعی قربانی اور شفاف تقسیم کے تمام مراحل کی نگرانی کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے قربانی کے تمام مراحل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے تجرباتی کیٹل فارمز، جدید سلاٹر ہاؤسز، چِلر ٹرانسپورٹ اور مستحقین تک باعزت ترسیل کو یقینی بنایا جاتا ہے ۔