بھارتی میڈیا کا پاکستان کو چین کی ذیلی ریاست ظاہر کرنے کا پروپیگنڈا بے نقاب

ہفتہ 24 مئی 2025 19:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء) معرکہ حق میں شکست کی ہزیمت چھپانے کیلئے بھارتی میڈیا کا پاکستان کو چین کی ذیلی ریاست ظاہر کرنے کا پروپیگنڈا بے نقاب ہو گیا۔ذرائع کے مطابق بھارت ابلاغی محاذ پر پاکستان کو چین کی زیر تابع ریاست کے طور پر پیش کرنے لگا، بھارتی صحافی برکھا دت کے مطابق بھارتی فوج کو دو محاذ پر جنگ کا سامنا ہے، پاکستان کو چینی مفادات کے تسلسل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

کیشور مہبوبانی نے برکھا دت کے استفسار پرکہا کہ ہم پاکستان اور چین کے تعلقات کو صرف بھارتی نقطہ نظر سے دیکھ رہے ہیں ہم صرف کشمیر اور سی پیک کو دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اگر واقعی چین کی ذیلی ریاست ہوتا تو اسے آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑتا، پاکستان کو چین کی ذیلی ریاست کا لیبل دینا غلط ہوگا، ہندوستان ہمیشہ ماضی کے مسائل پر اختلافات پر توجہ مرکوز کرتا ہے، بھارت دوسرے ممالک سے سبق سیکھنے اور بہتر راستہ تلاش کرنے کیلئے نہیں سوچتا۔

(جاری ہے)

کیشور مہبوبانی نے کہا کہ اس وقت پاکستان اور چین کے جغرافیائی سیاسی مفادات کا اتحاد ہے جس طرح امریکہ نے کمیونسٹ چین کو اندرونی سیاسی نظام نظر انداز کرتے ہوئے پارٹنر کے طور پر چنا ہے، آج ویتنام اور چین کے درمیان تجارت کو دیکھا جا سکتا ہے، آپ اپنے مخالف کو اپنے آپ کو مضبوط بنانے کیلئے استعمال کرتے ہیں۔دوسری جانب دفاعی ماہرین نے کہاہے کہ بھارت اپنی شکست سے افسردہ عوام کو مطمئن کرنے کے لیے دو محاذ پر جنگ کا ڈھنڈورا پیٹ رہا ہے، بھارت پاکستان کو چین کی ذیلی ریاست ثابت کرنے پر تلا ہوا ہے۔

دفاعی ماہرین نے کہاہے کہ 2ممالک کے درمیان تعلقات پسندیدگی یا نظریاتی ہم آہنگی پر نہیں بلکہ جغرافیائی اور معاشی مفادات پر مبنی ہوتے ہیں، یہ سب ایک بڑی گیم ہے، جس میں ہر ملک اپنا فائدہ دیکھ کر فیصلے کرتا ہے۔