Live Updates

اسلام آباد، مری، آزاد کشمیر، کے پی میں آندھی اور بارش، مختلف واقعات میں تین خواتین زخمی

عوام طوفان اور بارش کے دوران محتاط رہیں، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

ہفتہ 24 مئی 2025 19:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء)اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی حصوں میں موسلا دھار بارش اورژالہ باری سے موسم خوشگوارہوگیا۔ ذرائع کے مطابق شدید آندھی وطوفان سے قائد اعظم یونیورسٹی کینٹین کی چھت گر گئی جبکہ پبلک لائبریری کی چھت کو بھی نقصان پہنچا، اٹک میں دیواریں گرنے سے تین خواتین زخمی ہو گئیں، پشاور اور گردونواح میں آندھی اور تیز ہواؤں نے نظام زندگی کو متاثر کردیا، متعدد علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی ہے۔

ادھر سوات اور مینگورہ میں شدید بارش اور ژالہ باری ہوئی جس کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ، شدیدبارش کے باعث پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا اور ندی نالوں میں طغیانی آ گئی جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایبٹ آباد ،ہری پور،اٹک کے مختلف علاقوں میں بھی تیزآندھی و طوفان اور شدید بارش ہوئی،اسی طرح مردان کے علاقوں میں بھی تیز اور شدید بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی۔

لاہور شہرمیں بھی مختلف مقامات پر بارش ہوئی، آندھی کے باعث بیشتر درخت گر گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اکثر علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔ این ڈی ایم اے نے عوام کوطوفان اور بارش کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ بارشوں کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اتھارٹی نے عوام کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔این ڈی ایم اے نے عوام کو تاکید کی ہے کہ وہ طوفان اور شدید بارش کے دوران کھلی جگہوں، بجلی کے کھمبوں اور درختوں کے نیچے پناہ لینے سے گریز کریں اور متاثرہ علاقوں کی طرف سفر کرنے سے اجتناب کریں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات