Live Updates

لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر اور ساؤتھ چائنا سی انسٹی ٹیوٹ آف اوشینولوجی کے مابین باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

ہفتہ 24 مئی 2025 20:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2025ء) لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز (لوامز )پاکستان اور ساؤتھ چائنا سی انسٹی ٹیوٹ آف اوشینولوجی (ایس سی ایس آئی او ) نے سمندری اور ماحولیاتی سائنس کے تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔مفاہمتی یادداشت پر لوامز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین اور ایس سی ایس آئی او کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر Chaolun Li نے گوانگزو میں ایک تقریب کے دوران دستخط کیے۔

دیگر قابل ذکر شرکاء میں پروفیسر ڈاکٹر الٰہی بخش مرغزانی، مجیب الرحمان، لوامز سے پروفیسر ڈاکٹر محمد شفیع، اور ایس سی ایس آئی او سے پروفیسر ڈاکٹر یو شاو وانگ شامل تھے جن کی سرشار کاوشوں اور دیرینہ تعاون نے دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو شروع کرنے اور سہولت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔

(جاری ہے)

اس شراکت داری کا مقصد سمندری اور ماحولیاتی سائنس کے شعبوں میں پاکستانی طلباء کے لیے مشترکہ تحقیقی منصوبوں، تعلیمی تبادلے کے پروگراموں اور اسکالرشپ کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔

اس سے لوامز کی تحقیقی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے اور علاقائی سمندری چیلنجوں سے نمٹنے میں تعاون کی بھی توقع ہے دونوں اداروں کے ادارہ جاتی سربراہان نے اس اقدام کے ذریعے سائنسی تعاون کو آگے بڑھانے اور اختراع کو فروغ دینے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیاجو اعلیٰ تعلیم اور تحقیق میں چین اور پاکستان کے وسیع تر تعاون کی بھی حمایت کرتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات