Live Updates

سیکرٹری اطلاعات بلوچستان عمران خان سے بیوروچیفس کی ملاقات

ہفتہ 24 مئی 2025 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2025ء) سیکرٹری اطلاعات بلوچستان عمران خان نے صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تشہیر کیلئے ٹی وی چینلز کے بیوروچیفس سے ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز بلوچستان میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈی جی پی آر بلوچستان محمد نور کھیتران، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز سعید احمد شاہوانی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر منظور احمد مگسی اور ٹی وی چینلز کے معروف بیوروچیفس رضا الرحمٰن، عرفان سعید، جلال نورزئی، نور الٰہی بگٹی، ایوب ترین، بشریٰ قمر، سعدیہ جہانگیر، شاہ حسین، عیسیٰ ترین، جابر شاہ، بلال فروز، میر سلام جوگیزئی اور وقار احمد شامل تھے ۔

سیکرٹری اطلاعات نے اس موقع پر کہا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی ہدایات کی روشنی میں حکومت کی خواہش ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی شفاف اور مثبت انداز میں کوریج کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میڈیا کو انڈیپنڈنٹ رپورٹس تیار کرنے کی بھرپور سہولیات دی جائیں گی تاکہ بلوچستان کی حقیقی تصویر دنیا کے سامنے لائی جا سکے۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئٹہ جو پورے صوبے کا چہرہ تصور کیا جاتا ہے، میں کوئٹہ پیکج کے تحت جاری منصوبوں پر ایک تفصیلی بریفنگ منعقد کی جائے گی۔

اس کے علاوہ ہر محکمے کے انتظامی سربراہ کے ساتھ ون ڈے وِد پریس اور میڈیا ٹاکس کا باقاعدہ اہتمام کیا جائے گا تاکہ صحافیوں کو زمینی حقائق سے آگاہی حاصل ہو۔ بیوروچیفس نے اس موقع پر حکومت کو تجویز دی کہ دیگر صوبوں کے مقابلے میں بلوچستان میں الیکٹرانک میڈیا کے لیے مخصوص بجٹ نہایت کم ہے، جس کی وجہ سے کئی چینلز اپنے دفاتر بند کرنے یا عملے کی کمی جیسے مسائل سے دوچار ہیں۔

اس تناظر میں میڈیا بجٹ میں خاطر خواہ اضافے کا مطالبہ کیا گیا۔سیکریٹری اطلاعات عمران خان نے یقین دہانی کرائی کہ میڈیا کے تمام مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور حکومت کی کوشش ہے کہ نیشنل میڈیا پر بلوچستان کی پہچان صرف ناخوشگوار خبروں تک محدود نہ رہے، بلکہ صحت، تعلیم اور فلاح و بہبود کے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کو بھی نمایاں کیا جائے۔آخر میں، تمام شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے اور اس تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات