رحیم یار خان، کچہ کے علاقے میں پولیس آپریشن، 25 لاکھ روپے انعام والا ڈاکو گرفتار

آپریشن کے دوران پولیس نے ڈاکوؤں کی پناہ گاہوں کو نذر آتش کر دیا

اتوار 25 مئی 2025 11:55

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2025ء)پنجاب پولیس کو رحیم یار خان کے کچہ علاقے میں ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے جہاں 25 لاکھ روپے ہیڈ منی والا خطرناک ڈاکو شاہنواز کو گرفتار کر لیا گیا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق یہ گرفتاری ڈی پی او عرفان علی سموں کی قیادت میں کیے گئے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران عمل میں آئی۔پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم متعدد سنگین جرائم بشمول پولیس پر حملوں، قتل، اقدام قتل، اور اغوا برائے تاوان کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔

(جاری ہے)

حکومتِ پنجاب نے مذکورہ ڈاکو کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔آپریشن کے دوران پولیس نے ڈاکوؤں کی پناہ گاہوں کو نذر آتش کر دیا، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کچہ کے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ علاقہ محفوظ اور پرامن بنایا جا سکے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خطرناک ڈاکو کی گرفتاری پر ڈی پی او عرفان علی سموں اور ان کی ٹیم کو سراہتے ہوئے مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔