Live Updates

گورنر بلوچستان 10 روزہ سرکاری دورے پر وفد کے ہمراہ چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے

اتوار 25 مئی 2025 17:35

کوئٹہ+بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2025ء)گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل 10 روزہ سرکاری دورے پر متعدد پارلیمنٹرین کے وفد کے ہمراہ چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے۔واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبد المالک بلوچ، صوبائی وزیر ایریگشن صادق عمرانی، میر عاصم کرد گیلو، عوامی نیشنل پارٹی کے داود خان اچکزئی اور چنگیز خان مری اور بایزید خان کاسی گورنر بلوچستان کے ہمراہ ہیں۔

گورنر بلوچستان کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار دوستی میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے جس کا مقصد اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے، خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے بالخصوص بلوچستان میں ہائیر ایجوکیشن سیکٹر اعلیٰ اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

(جاری ہے)

اس دورے کے ٹھوس نتائج برآمد ہونے کی توقعات ہیں جس میں بلوچستان اور چین کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط تعلقات، نوجوانوں کیلئے اسکالرشپ پروگرام اور ان کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کیلئے تبادلہ پروگراموں کو فروغ دینا شامل ہے۔

چائنیز حکام کے سملاقاتوں میں جنوبی ایشیا میں رونما ہونے والی معاشی اور سیاسی تبدیلیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا. پاکستان اور چین کے درمیان سفارت کاری اور باہمی افہام و تفہیم پر مبنی شراکت داری نے تعاون کی مضبوط بنیاد رکھی ہے۔ امید ہے یہ دورہ اقتصادی اور تعلیمی تعلقات کو مزید فروغ دیگا، دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی کو مضبوط کریگا اور دونوں ممالک کیلئے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات