ْفیصل آباد اڈا بلوچنی شیخوپورہ روڈ پر خوفناک حادثہ،ٹرک کی ٹکر سے خاتون جاں بحق، 6افراد شدید زخمی

اتوار 25 مئی 2025 17:45

مکوآنہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2025ء)فیصل آباد میںاڈا بلوچنی، شیخوپورہ روڈ پر ایک دل دہلا دینے والا ٹریفک حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار ٹرک نے ایک رکشہ کو زور دار ٹکر مار دی، رکشے میں موجود افراد گیس سلنڈر میں ریفلنگ کرواتے ہوئے سوار تھے، حادثے کے نتیجے میں ایک خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی، جبکہ 6افراد بشمول مرد و خواتین شدید زخمی ہو گئے ۔

عینی شاہدین کے مطابق رکشہ سڑک کنارے ایک غیرقانونی گیس ریفلنگ پوائنٹ پر کھڑا تھا کہ اچانک پیچھے سے آنے والا تیز رفتار ٹرک قابو سے باہر ہو کر رکشے سے جا ٹکرایا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ رکشہ بری طرح تباہ ہو گیا اور زخمیوں کو تشویشناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔علاقہ مکینوں نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخوپورہ روڈ سمیت گردونواح میں گیس ریفلنگ کا غیرقانونی کاروبار بلاخوف جاری ہے، جسے ضلعی انتظامیہ روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ریفلنگ پوائنٹس نہ صرف ٹریفک کے لیے خطرہ ہیں بلکہ انسانی جانوں سے کھلواڑ کے مترادف ہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی حکومت فوری طور پر غیرقانونی گیس ریفلنگ سینٹرز کے خلاف سخت کارروائی کرے، اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جا سکیمزید برآں، مقامی پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔