Live Updates

ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی جانب سے سانحہ خضدار کے شہدا کی یاد میں تعزیتی کیمپ کا انعقاد

اتوار 25 مئی 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2025ء) ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی جانب سے سانحہ خضدار کے شہداکی یاد میں تعزیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں معصوم شہدا کو خراجِ عقیدت اور ان کے اہل خانہ سے اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔تعزیتی کیمپ میں صوبائی وزیر صحت بخت کاکڑ،مشیر کھیل مینا مجید، کمشنر کوئٹہ ڈویژن/ہیڈ منسٹریٹر حمزہ شفقات، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے جہانزیب بلوچ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کے علاوہ انجمن تاجران، سول سوسائٹی کے نمائندگان، قبائلی عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر شرکا نے شہید بچوں کی تصاویر پر پھول چڑھائے، دیے جلائے اور ان کی مغفرت و درجات کی بلندی کے لیے اجتماعی دعا کی۔تعزیتی کیمپ کی تقریب رقت انگیز اور پُر احساس تھی، جس میں عوامی نمائندوں اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے کہا کہ دشمن عناصرکی اسطرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہوں گے،معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے انسانیت کے دشمن ہیں،ہم لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر)مہراللہ بادینی نے کہا کہ یہ ایک قومی سانحہ ہے،پورا بلوچستان غمزدہ ہےلیکن ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں متحد ہیں۔اس موقع پر تمام شرکاء نے ایک بار پھر قومی یکجہتی اور امن و استحکام کے عزم کا اعادہ کیااور مطالبہ کیا کہ معصوم جانوں کے ضیاع کا سبب بننے والے عناصر کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات