Live Updates

چئیرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی لاہور قلندرز کو پی ایس ایل کا فائنل جیتنے پر مبارکباد

پیر 26 مئی 2025 00:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) چئیرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سنسنی خیز فائنل میں شاندار فتح حاصل کرنے پر لاہور قلندرز کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔سینٹ سیکرٹیریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اپنے ایک تہنیتی پیغام میں سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ لاہور قلندرز نے بہترین ٹیم ورک، جذبے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک یادگار فتح حاصل کی، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیم نے مشکل لمحات میں خود پر اعتماد برقرار رکھتے ہوئے فتح اپنے نام کی، جو نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک مثال ہے۔چئیرمین سینیٹ نے لاہور قلندرز کے کپتان، کوچنگ اسٹاف، اور انتظامیہ کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ان کی محنت، نظم و ضبط اور قیادت نے ٹیم کو بلندیوں تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی نے نہ صرف لاہور بلکہ پورے پاکستان میں کرکٹ کے شائقین کو خوشی فراہم کی ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے امید ظاہر کی کہ لاہور قلندرز آئندہ بھی اسی جذبے اور عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور پاکستان کا نام مزید روشن کریں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات