Live Updates

ورسٹائل اداکار ادیب کو مداحوں سے بچھڑے 19 برس بیت گئے

ادیب نے 1962 میں پاکستان منتقل ہونے کے بعد پہلی فلم دال میں کچھ کالا میں اداکاری کی

پیر 26 مئی 2025 11:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء)پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف ولن اور ورسٹائل اداکار ادیب کو مداحوں سے بچھڑے 19 برس بیت گئے۔مظفر ادیب خان فلم نگری میں ادیب کے نام سے جانے گئے، اداکار 1934 میں ممبئی میں پیدا ہوئے، اردو میں ایم اے کرنے کے بعد بطور سکرپٹ رائٹر تھیٹر جوائن کیا، ادیب کچھ عرصہ تک پرتھوی راج کے تھیٹر سے بھی منسلک رہے، اداکار نے فلمی کیریئر کا آغاز ثانوی کرداروں سے کیا اور بھارت میں متعدد فلموں میں جلوہ گر ہوئے۔

(جاری ہے)

ادیب نے 1962 میں پاکستان منتقل ہونے کے بعد پہلی فلم دال میں کچھ کالا میں اداکاری کی، انہوں نے اپنے کیریئر میں چار سو کے قریب اردو، پنجابی اور پشتو فلموں میں کام کیا اور منفی کرداروں کے ذریعے اپنی منفرد پہچان بنائی، اداکار کی مشہور فلموں میں حاتم طائی، ستم گر، شیرخان، آخری قتل، مولاجٹ، بھریا میلہ، سلطانہ ڈاکو اور حیدرعلی شامل ہیں۔اداکار ادیب نے تھیٹر پر بھی کام کیا اور ایک اندازے کے مطابق ان کے سٹیج ڈراموں کی تعداد پچاس ہے، انہوں نے ایک ٹی وی ڈرامہ میں سرسید احمد خان کا کردار بڑی خوبصورتی سے نبھایا۔ورسٹائل اداکار ادیب 26 مئی 2006 کو لاہور میں انتقال کر گئے لیکن اپنے منفرد کرداروں کے باعث آج بھی پرستاروں کے دلوں میں زندہ ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات