Live Updates

اٹھمقام:پاسبان حریت کے زیر اہتمام اٹھمقام میں بھارت مخالف ریلی نکالی گئی

پیر 26 مئی 2025 16:49

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) پاسبان حریت جموں و کشمیر کے زیراہتمام ضلع نیلم کے علاقے اٹھمقام میں بھارت مخالف ریلی نکالی گئی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ریلی میں بڑی تعداد میں لوگ شریک تھے۔ انہوں نے بینراور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی مظالم کیے خلاف اور بھارتی تسلط سے مقبوضہ علاقے کی آزادی کے حق میں نعرے درج تھے ۔

ریلی کے شرکانے مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کیخلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کے لیے کردار ادا کرے ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں اور نہ ہی پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بہتری آسکتی ہے۔

(جاری ہے)

عزیر احمد غزالی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں استصواب رائے کا اپنا وعدہ پورا کرے اور بھارت پر دبائو ڈالے کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے ذریعے حل کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی چاہتے ہیں اور وہ اس مقصد کے حصول تک اپنی جدوجہد ہرقیمت پر جاری رکھیں گے۔پاسبان حریت کے ضلعی صدر شرافت حسین ملک نے اس موقع پر کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے افواج پاکستان کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔ریلی سے فیصل فاروق، محمد فیاض خان، رفاقت گیلانی، محمد ایمل فرزام اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات