رینجرزاور پولیس کی کچے کے علاقے میں مشترکہ کارروائی، 2ڈاکو گرفتار

پیر 26 مئی 2025 17:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) پاکستان رینجرز (سندھ)اور پولیس نے کچے کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ ڈکیت منظور اور ملنگ عرف ملنگو خانا نی کو گرفتارکر لیا ہے ۔پیر کو ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق رینجرز اور پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اندرونِ سندھ کچے کے علاقہ رستم گائوں پیارو سعد خانانی، چمن اور کوٹ شاہو میں ڈاکوئوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کی۔

تفصیلات کے مطابق 19مئی کو فیضو اسٹاپ پرشہری سے ڈکیتی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے رینجرز کے جوانوں اور ڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ کاتبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں رینجرز کا جوان ھریش کمار زخمی ہوا تھاجس نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

ملزمان متعدد ڈکیتی، چوری کی وارداتوں، پولیس مقابلوں ا ور دیگر سنگین جرائم کے مقدمات میں مطلوب تھے۔

ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا ہے اور مزید ڈکیتی، چوری، پولیس مقابلوں میں بھی ملوث تھے ۔گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔عوام ڈاکوئوں کو پناہ دینے والے عناصر اور دیگر بااثر افراد کی نشاندہی کریں اور سندھ کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنے میں سندھ رینجرز کی مدد کے لیے رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے فوری اطلاع دیں۔ اطلاع دینے والے نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔