Live Updates

اوپن یونیورسٹی میں ”معیاری اساتذہ کی تعلیم“ کے عنوان سے بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

پیر 26 مئی 2025 17:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی )کے کنسلٹنٹ برائے کوالٹی ایشورنس پروفیسر ڈاکٹر انوارالحسن گیلانی نےکہا ہے کہ ایچ ای سی استاد کو محض علم منتقل کرنے والا فرد نہیں بلکہ ایک رہنما اور سرپرست (منٹور) کے طور پر دیکھنے کا خواہاں ہے، ایچ ای سی کا مقصد ایسی جامعاتی فضا قائم کرنا ہے جہاں سے ایسے گریجویٹس فارغ التحصیل ہوں جو علمی قابلیت کے ساتھ ساتھ اعلیٰ اخلاقی اقدار اور کردار کے بھی حامل ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان ''معیاری اساتذہ کی تعلیم'' کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کمیشن اس امر پر زور دیتا ہے کہ معیاری اساتذہ کی تیاری کے لئے ایک مضبوط، مربوط اور پائیدار نظامِ تربیت ناگزیر ہے، اس مقصد کے لئے ٹیچر ایجوکیشن سے متعلق قومی معیارات کا تعین وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکا ہے، یہ صرف کسی ایک ادارے کا فریضہ نہیں بلکہ تمام سٹیک ہولڈرز،وفاقی و صوبائی حکومتیں، نجی شعبہ اور تعلیمی اداروں کا مشترکہ مشن ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی ٹیچر ایجوکیشن پروگرام کے معیارات کے قیام اور بہتری کے لئے نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل فار ٹیچر ایجوکیشن سمیت تمام متعلقہ اداروں اور سٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی تعاون اور بھرپور معاونت فراہم کرتا رہے گا تاکہ پاکستان میں معیاری تدریس کے ایک نئے دور کا آغاز ہو سکے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ایکریڈیٹیشن کونسل فار ٹیچر ایجوکیشن کے چئیرمین/علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ا ور ورچوئل یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ اس دوروزہ کانفرنس میں اعلیٰ پروفائل کے اساتذہ، سٹیک ہولڈرز اور پالیسی ساز شریک ہیں جہاں ٹیچر ایجوکیشن کے موجودہ چیلنجز اور دستیاب مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے دوران ٹیچر لائسنسنگ، تربیتی معیار اور مستقبل کے لئے ایک واضح ٹیچر ایجوکیشن روڈ میپ پر غور کیا جائے گا جو نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل فار ٹیچر ایجوکیشن سمیت متعلقہ اداروں کو مؤثر رہنمائی فراہم کرے گا۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف سیکنڈری ٹیچر ایجوکیشن نے ہائر ایجوکیشن کمیشن، نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل فار ٹیچر ایجوکیشن اور دیگر شراکت دار اداروں کے تعاون سے اس بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا ہے جس کا مقصد اساتذہ کی پیشہ وارانہ تربیت کے معیار کو بہتر بنانا اور تدریسی شعبے کے چیلنجز کا حل تلاش کرنا تھا۔

کانفرنس میں پاکستان سمیت مختلف ممالک سے ماہرین تعلیم، پالیسی ساز، اساتذہ، محققین اور طلبہ نے شرکت کی۔مقررین نے اساتذہ کی تربیت کو معیاری تعلیم کی بنیاد قرار دیتے ہوئے تدریسی لائسنسنگ، جدید تربیتی ماڈلز، اور تحقیق پر مبنی تدریس پر زور دیا۔ بین الاقوامی ماہرین نے کامیاب عالمی تعلیمی ماڈلز پر روشنی ڈالی جنہیں پاکستان میں اپنایا جا سکتا ہے۔

افتتاحی سیشن کے کلیدی مقررین میں پروفیسر ڈاکٹر محمد فیرات (ترکیہ)،پنجاب یونیورسٹی کی ایمرٹس پروفیسر ڈاکٹر منور سلطانہ اور سیکرٹری، نیکٹی ڈاکٹر شمسہ جبین شامل تھیں۔ ڈاکٹر نوید سلطانہ نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد تفصیل سے بیان کئے۔ڈاکٹر طوبیٰ سلیم نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض بخوبی انجام دئیے۔کانفرنس کے دوران سیشنز، ورکشاپس اور پینل ڈسکشنز کا انعقاد ہوگا، اور آخر میں سفارشات پر مبنی اعلامیہ پالیسی سازوں کو پیش کیا جائے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات