کے فور منصوبے کی مدت تکمیل میں ایک سال کی توسیع، جون 2026 کی نئی ٹائم لائن مقرر

پیر 26 مئی 2025 22:46

کے فور منصوبے کی مدت تکمیل میں ایک سال کی توسیع، جون 2026 کی نئی ٹائم لائن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں کراچی کے لیے گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی اسکیم ( کے فور ) کی مدت تکمیل میں ایک سال کی مزید توسیع کرتے ہوئے جون 2025 سے بڑھا کر جون 2026 تک مکمل کرنے کی نئی ٹائم لائن کی منظوری دے دی گئی۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں انڈس ریور کمیشن کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی کی کل آبادی 2 کروڑ 20 لاکھ ہے، کراچی کو یومیہ 1200 ملین گیلن (ایم جی ڈی) پانی فراہم کیا جارہا ہے۔

حکام نے بتایا کہ کراچی میں 550 ایم جی ڈی پانی کی کمی ہے، 42 فیصد پانی کراچی پہنچنے سے پہلے چوری کرلیا جاتا ہے یا ضائع ہوجاتا ہے۔

(جاری ہے)

2040 تک کراچی کی پانی ضرورت 2 ہزار 200 ایم جی ڈی ہوجائے گی، کراچی کو دریائے سندھ سے بذریعہ کینجھر جھیل اور حب ڈیم سے پانی ملتا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی کو دریائے سندھ سے بذریعہ کینجھر جھیل 520 ایم جی ڈی پانی ملتا ہے، کینجھر جھیل سے کراچی کو 80 فیصد پانی ملتا ہے، حب ڈیم سے 100 ایم جی ڈی سے کم ہوکر 62 ایم جی ڈی پانی ملتا ہے۔

کراچی کو 2023 میں حب ڈیم سے 48 ایم جی ڈی پانی ملتا تھا، اب کینجھر جھیل اور کلری بگھیاڑ فیڈر کی کنکریٹ سیمنٹ سے لائننگ کی جارہی ہے، گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی اسکیم ( کے فور ) سے پانی گنجائش بڑھائی جارہی ہے، حب ڈیم میں توسیع کی جارہی ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ کے بی فیڈر میں کنکریٹ سیمنٹ سے لائننگ کا 33 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، جس پر 12 ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں، اب تک وفاقی وزارت آبی وسائل نے صرف 15 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں، حالانکہ ایک ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔

حکام نے بتایا کہ پروجیکٹ ڈائریکٹر کی تقرری دیر سے کی گئی، اس لیے رقم بھی تاخیر جاری ہوئی، حکومت سندھ نے فنڈز کی چھان بین کے بعد رواں مالی سال کے دوران 3 ارب روپے مختص کرائے ہیں، کے فور پر کام 60 فیصد مکمل ہوچکا ہے اور یہ منصوبہ مقررہ مدت تک مکمل ہوجائے گا۔چیئرمین واپڈا نے شکایت کی کہ منصوبے میں دیر ہونے پر خدشات ہیں، انہیں دور کیا جائے۔

وفاقی وزارت منصوبہ بندی و ترقیات کے مطابق حکومت سندھ واپڈا کی شکایات کا ازالہ کرے تاکہ منصوبہ بروقت مکمل کیا جاسکے، کے فور کے لیے 60 فیصد رقم جاری کی گئی ہے اور 57 فیصد کام مکمل ہوا ہے۔اجلاس میں منصوبے کی تکمیل کی تاریخ جون 2025 سے بڑھاکر جون 2026 کردی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات سندھ کی جانب سے ہر پروجیکٹ ڈائریکٹر سے ملاقات کی جائے گی۔یہ فیصلہ کیا گیا کہ جو رقم جاری کی جائے گی اس کی ہر 3 ماہ بعد مانیٹرنگ کی جائے گی اور رپورٹ تیار کی جائے گی۔واضح رہے کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد سندھ حکومت ٹینکر مافیا کا خاتمہ کرکے ہر گھر کی دہیلیز تک پانی پہنچائے گی، حکومت سندھ نکاسی آب کو ری سائیکل کرنے اور قابل استعمال بنانے کے لیے تجزیہ کرائے گی۔