Live Updates

بھارت سے جنگ میں فتح کے بعد پاکستان طاقتورملک اور ہم باوقار قوم بن گئے ہیں

بلاشبہ ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے میں ڈاکٹر قدیر کا کردار کلیدی تھا، ملک میں یکساں نظام تعلیم نہیں، پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 26 مئی 2025 22:22

بھارت سے جنگ میں فتح کے بعد پاکستان طاقتورملک اور ہم باوقار قوم بن گئے ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 26 مئی 2025ء ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے 28 مئی یوم تکبیر کو  یوم ڈاکٹر قدیر کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ ساہیوال میں بنو قابل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایٹم بم کے خالق کو ماضی میں بدنام کرنے کی کوشش کی گئی تاہم انہیں بدنام کرنے والے خود مٹ گئے، ڈاکٹر قدیر خان کا نام زندہ ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی قوم کے محسنوں کو یاد رکھتی ہے۔ بھارت سے جنگ میں فتح کے بعد پاکستان طاقتور بن کر ابھرا ہے، ہم ایک باوقار قوم بن گئے ہیں،بلاشبہ ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے میں ڈاکٹر قدیر کا کردار کلیدی تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج  ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کو مزید استحکام ملے تاکہ یہ پوری امت اور مظلوم انسانیت کی مدد کے قابل بن سکے۔

(جاری ہے)

غزہ اور کشمیر کے باسیوں پر اسرائیل اور بھارت کو ظلم کرنے کی جرات نہ ہو۔ انہوں نے قوم اور خصوصی طور پر نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ملک کو عظیم بنانے کی جدوجہد میں جماعت اسلامی کی دست وبازو بنیں۔ الخدمت ہاکستان کے تحت بنو قابل پروگرام میں ہزاروں بچوں بچیوں نے مفت کمپیوٹر کورسز کے لیے ٹیسٹ دیا۔ پاس ہونے والے طلبا و طالبات کو آئی ٹی شارٹ کورسز کرائے جائیں گے۔

ملک بھر میں لاکھوں طلبا و طالبات بنو قابل کا حصہ بن چکے ہیں۔ ساہیوال میں ہونے والی تقریب سے الخدمت کے سیکرٹری جنرل وقاص انجم جعفری نے بھی خطاب کیا۔
امیر جماعت نے الخدمت کی کاوشوں کی تحسین کی او امتحان میں حصہ لینے والے طلباو طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ مفت کورسز کرنے کے بعد اس سلسلہ کو خود بھی آگے بڑھائیں اور تعلیم عام کریں۔

انہوں نے کہا ملک کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے اور ان میں سے ایک تعلیم کا مسئلہ ہے جو غریب اور متوسط طبقے کی پہنچ سے دور ہوگئی ہے، پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، ملک میں یکساں نظام تعلیم نہیں۔ جماعت اسلامی معیاری، یکساں اور سستی تعلیم کے لیے جدوجہد کررہی ہے تاکہ قوم کا کوئی بچہ بھی اس سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے کہا پاکستان کے نوجوان انتہائی ذہین اور قابل ہیں، انہیں سمت درکار ہے، ان کی توانائیوں کو مثبت انداز میں استعمال کرنے اور انہیں مایوسی سے امید کی جانب سفر پر گامزن کرنے کی ضرورت ہے۔

جماعت اسلامی کی جدوجہد کا محور قوم کا نوجوان ہے۔ امیر جماعت نے کہا نوجوان اعتماد کے ساتھ آگے بڑھیں، اسلام پر عمل پیرا ہوں اور اپنے دین پر فخر کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام ہی ملک کی ترقی اور استحکام کا ضامن ہے۔ ملک نظریہ کی بنیاد پر بنا، قوم دین پر متحد ہوسکتی ہے۔  
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات