سینیٹر ایمل ولی نے جرگے کے حکم پر چیئرمین پی ٹی اے کی معذرت قبول کرلی

چیئرمین پی ٹی اے وفد کے ہمراہ باچا خان مرکز پہنچے جہاں پر صدراے این پی نے ان کا خیر مقدم کیا

پیر 26 مئی 2025 22:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء)عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی نے منشیات سے متعلق متنازع ریمارکس پر چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر)حفیظ الرحمان باچا خان کی معافی قبول کرلی۔رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر)حفیظ الرحمان نے پشاور میں باچا خان مرکز کا دورہ کیا،اس دوران اپنی جانب سے دئیے جانے والے متنازع بیان پر جرگے کی درخواست کی۔

مرکزی صدر اے این پی، سینیٹر ایمل ولی خان نے پشتون روایات کے مطابق ان کا جرگہ قبول کر لیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ جو واقعہ پیش آیا، وہ غلط فہمی کی بنیاد پر ہوا، واقعے پر اس روز بھی معذرت کی تھی اور اب بھی گلے دور کرنے باچا خان مرکز آیا ہوں۔میجر جنرل (ر)حفیظ الرحمان نے کہا کہ سینیٹر ایمل ولی خان اور ان کے خاندان کو نہایت عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہوں، باچا خان مرکز تمام مظلوموں اور پشتونوں کا گھر ہے، یہاں جرگے ہی ہوتے ہیں۔ایمل ولی نے کہا کہ پشتون روایات کا پاس رکھتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے کے جرگے کو قبول کرتا ہوں اور باچا خان مرکز پشاور میں چیئرمین پی ٹی اے اور ان کے ساتھیوں کا خیر مقدم کرتا ہوں۔