ایچ ای سی کا سندھ کی جامعات کے فوکل پرسنزکے لئے پاکستان کوالیفیکیشن رجسٹرسےمتعلق تربیتی سیشنز کا انعقاد

پیر 26 مئی 2025 23:10

اسلام آباد/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان نے کراچی میں سندھ کی یونیورسٹیوں کے فوکل پرسنز کے لئے پاکستان کوالیفکیشن رجسٹر(پی کیو آر) پر تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا، تربیت کا مقصد پاکستان کوالیفیکیشن رجسٹر کے اندر ڈیٹا کی درستگی اور شفافیت کو بڑھانا ہے۔ ایچ ای سی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پی کیو آر کوالیفکیشن سےمتعلق ایک مرکزی ڈیٹا بیس ہے جسے ایچ ای سی برقرار رکھتا ہے۔

یہ ایچ ای سی کے تسلیم شدہ اداروں کی طرف سے پیش کردہ تعلیمی قابلیت کی تصدیق کے لئے ایک ٹول کے طور پر کام کرتا ہے اور یہ یقینی بناتا ہے کہ ڈگری پروگرام قومی معیارات پر پورا اترتے ہیں۔ مزید برآں یہ تمام کوالیفکیشن کو نیشنل کوالیفکیشن فریم ورک کے ساتھ ہم آہنگ کرتا ہے جو مختلف کوالیفکیشنزکے لئے ڈھانچہ، معیارات اور مطلوبہ نتائج فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

تربیتی سیشنز کے دوران شرکاء کو پاکستان کوالیفیکیشن رجسٹر میں کوالیفیکیشن ڈیٹا مرتب کرنے اور جمع کرانے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔ سیشن میں ضروری دستاویزات کے تقاضوں بشمول لیول سات اور آٹھ پروگراموں کے لئے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹس، اکیڈمک کونسل منٹس اور پہلےداخلے کے اشتہارات کا احاطہ کیا گیا۔ شرکاء نے یونیورسٹیوں کے لئے داخلی پورٹل کے استعمال کے بارے میں عملی تربیت حاصل کی۔

تربیت کاکلیدی نکتہ فوکل پرسنز کے کردارکو اجاگر کرنا تھا جو مختلف یونیورسٹیوں کے دفاتر اور ایچ ای سی کے درمیان رابطہ قائم کرتے ہیں۔ ان کی ذمہ داریوں میں پاکستان کوالیفیکیشن رجسٹر کو اپ ٹو ڈیٹ رکھنا اور اس بات کو یقینی بنانا شامل ہے کہ تعلیمی پروگراموں کو صحیح طریقے سے دستاویز کیا جائے۔ اس سیشن میں تصدیقی عمل کے دوران فوکل پرسنز کو درپیش عام مسائل پر توجہ دی گئی۔