مرکزی علما کونسل پاکستان کا فتنة الخوارج کے خلاف آپریشن کی حمایت کا اعلان

منگل 27 مئی 2025 12:00

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء)مرکزی علما کونسل پاکستان نے فتنة الخوارج کے خلاف آپریشن کی حمایت کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ مرکزی علما کونسل اور پوری قوم اس ضمن میں اپنے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی اور ان کی کامیابی کیلئے دعاگو ہے۔چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف علمائے کرام کاپیغام پاکستان قرآن و سنت کی تعلیمات اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے متفقہ دستور کے تقاضوں کے عین مطابق ہے جس کی توثیق تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے علاوہ تمام طبقات نے متفقہ طور پر کی ہوئی ہے جبکہ اس پیغام کوہر سطح پر پہنچانے میں علما اور مشائخ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں علمااور مشائخ سمیت زندگی کے تمام شعبوں کے تمام طبقات، ریاست اور مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

فتنة الہندوستان، فتنة الخوارج کے خاتمے کیلئے افواج پاکستان اور پاکستان کے دیگر سیکورٹی اداروں کے ساتھ مکمل اور غیر مشروط تعاون کا اعلان کرتے ہیں۔ دفاع پاکستان اور استحکام پاکستان کیلئے ایسی تمام تخریبی کارروائیوں کا خاتمہ ضروری ہے جن کے تدارک کیلئے بھر پور انتظامی، فکری، تعلیمی انتظامات کئے جانے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص سے پوری قوم خوشی سے سرشار ہے اور یہ قوم کا حکومت پر اعتماد ہی ہے کہ جنرل عاصم منیر کی خدمات کے اعتراف میں انہیں فیلڈمارشل کااعزاز دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بھارتی پروپیگنڈے کا جواب دینے کیلئے مضبوط وفد تشکیل دے جو مختلف ممالک میں پاکستان کے بیانیے سے متعلق اقوام عالم کو قائل کرکے اپنا ہمنوابنائے اور بھارت کا جھوٹا بیانیہ دنیاکے سامنے واضح کیا جائے۔