ڈالر کی پشت پناہی سے قائم عالمی معاشی نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار

منگل 27 مئی 2025 15:51

ڈالر کی پشت پناہی سے قائم عالمی معاشی نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار
برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء)یورپی مرکزی بینک کی صدر کرسٹین لاگارڈ نے کہا ہے کہ امریکی ڈالر کی پشت پناہی سے قائم عالمی معاشی نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہا ہے، انہوں نے یورو کو عالمی ذخیرہ کرنسی کے طور پر پیش کرنے کی حمایت کی۔میڈیارپورٹس کے مطابق برلن میں ہرٹی اسکول میں ایک تقریر کے دوران انہوں نے کہا کہ امریکا کی قیادت میں عالمی معیشت نے کھلے پن اور کثیرالجہتی پر مبنی بنیاد پر ترقی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ واشنگٹن کے قواعد پر مبنی بین الاقوامی نظام اور ڈالر کی ریزرو کرنسی کے طور پر حمایت نے تجارت کو فروغ دینے اور مالیاتی نظام کو وسعت دینے کے لیے بنیاد فراہم کی۔کرسٹین لاگارڈ نے کہا کہ گزشتہ 80 برسوں سے امریکا کی قیادت میں قائم اس معاشی نظام نے یورپی یونین کو بے حد فوائد پہنچائے، لیکن آج یہ نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔یورپی مرکزی بینک کی صدر کا یہ بیان بظاہر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اہم شراکت داروں پر بڑے پیمانے پر ٹیرف عائد کرنے کی دھمکیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی عالمی تجارتی کشیدگی کی طرف اشارہ تھا۔کرسٹین لاگارڈ نے کہا کہ عالمی معاشی نظام کی تحلیل یورپ کے لیے خطرات پیدا کرے گی۔