پشاورسمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں تیز بارش اور ژالہ باری، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

بارش سے حیات آباد میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا، اسپورٹس گراؤنڈ کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا، بجلی کی لائنیں انڈسٹریل اسٹیٹ میں گرگئیں

منگل 27 مئی 2025 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء) پشاورسمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں تیز بارش اور ژالہ باری، گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔پشاورمیںشدید گرمی کے بعد کالی گھٹائیں چھا گئیں اور تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، بارش کے ساتھ اندھیرا بھی چھایا رہا۔پشاور میں طوفانی بارش سے حیات آباد میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا، اسپورٹس گراؤنڈ کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا، بجلی کی لائنیں انڈسٹریل اسٹیٹ میں گرگئیں، طوفانی بارش سے شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی۔

(جاری ہے)

دیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور ڑالہ باری ہوئی، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوش گوار ہوگیا، دیر لوئر میں تیز بارش سے ندی نالیوں میں طغیانی پیدا ہوگئی اور بارش کے سبب بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔پبی نوشہرہ سمیت دیگر علاقوں میں شدید بارش اور ڑالہ باری ہوئی، گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا، بارش کی وجہ سے نالیاں اور گلیاں پانی سے بھرگئیں، گرمی کم ہونے پر لوگوں کے چہرے کھل اٹھے۔اسی طرح سوات میں بھی طوفانی ہوائیں چلیں، تیز ہواؤں کے باعث مینگورہ شہر میں سائن بورڈ اکھڑ گئے، تحصیل کبل، خوازہ خیلہ اور مٹہ میں بارش اور ڑالہ باری سے آڑو کی باغات متاثر ہوئے۔