یومِ تکبیر پاکستان کی تاریخ کا ناقابلِ فراموش دن ہے، قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے ہر لمحہ تیار ہیں، سید غلام مصطفیٰ شاہ

منگل 27 مئی 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے قوم کو یومِ تکبیر کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یومِ تکبیر پاکستان کی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 28 مئی 1998 ءکو وطنِ عزیز نے ایٹمی قوت کا مظاہرہ کر کے دنیا کو یہ باور کرا دیا کہ ہم ایک پُرامن قوم ضرور ہیں لیکن اپنی آزادی، خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر ہمیں قومی اتحاد، یکجہتی اور قربانی کے جذبے کی یاد دلاتا ہے۔ یہ دن ہمارے سائنسدانوں، افواجِ پاکستان اور قیادت کی دانشمندی کا مظہر ہے، جنہوں نے وطن عزیز کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ منگل کو اپنے پیغام میں انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران افواجِ پاکستان کے بہادر جوانوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہری بھی دشمن کی بزدلانہ کارروائیوں کا نشانہ بنے، ان کی قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان دشمن کے ہر جارحانہ اقدام کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور حالیہ واقعات اس کا ثبوت ہیں۔ پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دشمن کے مذموم عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ یومِ تکبیر کے موقع پر اس عہد کو دہراتے ہیں کہ ملک کی سالمیت، خودمختاری اور امن و ترقی کے لیے ہمیشہ متحد رہیں گے اور وطن عزیز کی سلامتی کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔