ترکیہ ، استنبول بلدیہ میں کرپشن کے الزامات پر 25 افراد گرفتار

بدھ 28 مئی 2025 10:30

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) ترکیہ کے شہر استنبول کی ایک عدالت نے کرپشن کے الزامات سے متعلق جاری تحقیقات کے سلسلے میں استنبول میٹرو پولیٹن بلدیہ سے تعلق رکھنے والے 46 افراد میں سے 25 کو باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا ہے۔ترک خبررساں انادولو نے گرفتاریوں سے متعلق اپنے نیوز ڈسپچز میں بتایا ہے کہ استنبول کی میٹرو پولیٹن بلدیہ میں جاری کرپشن کے کیس کی تحقیقات کے دوران جن اعلیٰ شخصیات کو حراست میں لیا گیا ہے، ان میں بلدیہ کے نائب سیکرٹری جنرل عارف گورکان آلبای شامل ہیں، جو انتظامی سطح پر ایک اہم عہدہ رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح، بلدیہ سے وابستہ سرکاری ہاؤسنگ کمپنی "کیپتاش" کے سربراہ علی کورت کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، جو بلدیاتی تعمیراتی منصوبوں کے نگران رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، بلدیہ کے اعلیٰ سطحی احتسابی شعبے کی سربراہ قدریہ کساب اوغلو کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، جو بلدیاتی مالیات اور کارکردگی کی نگرانی پر مامور تھیں۔اس کے علاوہ معروف تعمیراتی کمپنی "یابی مرکز" کے مالکان سمیت متعدد کاروباری شخصیات بھی گرفتار ہوئی ہیں، جن میں سارب یالجِنکایا، سیزا بویوک کولہا، بیرات چاعری کابکی، ایلکر ہامال، نُزہت کورت اور سِربیل آلتِن تاش شامل ہیں۔