یومِ تکبیر قومی اتحاد، استقامت اور سائنسی قابلیت کا مظہر ہے،وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی

بدھ 28 مئی 2025 10:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے یومِ تکبیر - 28 مئی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 28 مئی ہماری قومی تاریخ کا ایک یادگار اور فیصلہ کن دن ہے، جب پاکستان نے عالمی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ایٹمی طاقت بننے کا جرأت مندانہ قدم اٹھایا۔

یومِ تکبیر قومی اتحاد، استقامت اور سائنسی قابلیت کا مظہر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہم ان تمام سائنسدانوں، انجینئرز اور قومی قیادت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی جذبے نے اس خواب کو حقیقت میں بدلا۔ بطور وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی، میں اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ ہم سائنس و ٹیکنالوجی کو نہ صرف قومی دفاع بلکہ پرامن ترقی، صنعتی بہتری اور جدید تحقیق کے لیے بھی بروئے کار لاتے رہیں گے،آئیے ہم سب مل کر علم، تحقیق اور قومی عزم کے ذریعے ایک خودمختار، محفوظ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے متحد ہو جائیں۔