موسیٰ خیل، سیکورٹی فورسز کی کارروائی قومی شاہراہ پر بم نصب کرنے والے 4 دہشتگرد ہلاک

دہشت گرد ماضی میں مسافر بسوں پر حملوں میں بھی ملوث تھے اور ان کی تلاش سیکیورٹی اداروں کو طویل عرصے سے تھی، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور بم بھی برآمد ہوئے

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 28 مئی 2025 13:50

موسیٰ خیل، سیکورٹی فورسز کی کارروائی قومی شاہراہ پر بم نصب کرنے والے ..
موسیٰ خیل(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 مئی 2025)بلوچستان کے علاقے موسیٰ خیل میں سیکورٹی نے کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 4 دہشتگردوں کوہلاک کر دیا، دہشت گرد راڑہ شم کے علاقے میں ہائی وے پربم نصب کررہے تھے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور بم بھی برآمد ہوئے، سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگرد راڑہ شم اور رژکن کے علاقوں میں بسوں پر حملوں میں ملوث تھے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پرموسیٰ خیل کے علاقے میں کارروائی کی تھی۔ یہ دہشت گرد قومی شاہراہ پر بم نصب کرنے کی کوشش کر رہے تھے جب سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی ممکنہ ساتھی دہشت گرد کو گرفتار کیا جا سکے یا باقی ماندہ خطرات کا خاتمہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی ذرائع کا مزیدیہ بھی کہنا ہے کہ انکشاف ہوا ہے کہ یہ دہشت گرد ماضی میں مسافر بسوں پر حملوں میں بھی ملوث تھے اور ان کی تلاش سیکیورٹی اداروں کو طویل عرصے سے تھی۔ فورسز کی کارروائی سے نہ صرف ایک ممکنہ تباہ کن حملہ روکا گیا بلکہ مسافروں کی جان بھی محفوظ رہی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف اپنی کارروائیاں مزید تیز کر رہے ہیں تاکہ عوام کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی بلوچستان کے ضلع زیارت میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔ہلاک دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم بی ایل اے سے تھا۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق فورسز نے زیارت کے علاقے سنجاوی میں ایک اور بڑی تباہی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

حکام کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں سے گولہ بارود اور اسلحہ بھی برآمد ہوا تھا۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی تھی۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا تھا۔ملزمان دہشتگردی کی مختلف وارداتوں میں ملوث تھے۔ذرائع کایہ بھی کہنا تھا کہ ان دہشتگردوں کے خلاف پہلے سے خفیہ اطلاعات موجود تھیں جس پر کارروائی کی گئی تھی۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق یہ کارروائی بلوچستان میں جاری دہشتگردی کے خلاف سیکیورٹی اداروں کے عزم اور عملی اقدامات کی ایک اور نمایاں مثال تھی۔