پنجاب کے 17اضلاع میں صارف عدالتیں ختم کرنے کی تیاری

ترمیم کے تحت ضلعی عدالتوں میں ڈسٹرکٹ جج یا ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج بطور صارف عدالت جج فرائض انجام دیں گے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 28 مئی 2025 17:26

پنجاب کے 17اضلاع میں صارف عدالتیں ختم کرنے کی تیاری
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 28 مئی ۔2025 )پنجاب حکومت نے صوبے کے 17 اضلاع میں صارف عدالتیں ختم کرنے کے لیے نیا ترمیمی بل تیار کر لیا دی پنجاب صارف تحفظ (ترمیمی) بل کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں جمع کرا دیا گیا ہے، جس کے تحت صارف عدالتوں کے اختیارات ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کو منتقل کیے جائیں گے. بل کے متن کے مطابق صارفین اب اپنی شکایات براہ راست ڈپٹی کمشنر یا حکومت کی جانب سے مقررہ کسی اور افسر کو بھی جمع کرا سکیں گے اس ترمیم کے تحت ضلعی عدالتوں میں ڈسٹرکٹ جج یا ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج بطور صارف عدالت جج فرائض انجام دیں گے.

(جاری ہے)

بل میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کی مشاورت سے اضلاع میں ایک یا زائد صارف عدالتیں بھی قائم کی جا سکیں گی جب کہ صارف کی شکایت پر متعلقہ افسر ملزم کو ایک لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کرنے کا اختیار رکھے گا. ترمیمی بل پر متعلقہ قائمہ کمیٹی کے دو ماہ کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی حکومتی ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد صارفین کو شکایات کے فوری اور موثر ازالے کے لیے ایک جامع نظام فراہم کرنا ہے تاہم ماہرین قانون اور شہری حلقوں کی جانب سے اس بل پر ممکنہ تحفظات بھی سامنے آ سکتے ہیں.