Live Updates

پاکستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر اسلام آباد میں اینٹوں کے پانچ بھٹوں کو سیل کر دیا

بدھ 28 مئی 2025 17:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) پاکستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (پاک۔ای پی اے) نے اسلام آباد کے سیکٹر H-16 اور H-17 میں غیر قانونی طور پر کام کرنے والے اینٹوں کے پانچ بھٹوں کو ماحول دوست زگ زیگ ٹیکنالوجی کو اپنانے میں ناکامی پر سیل کر دیا ہے۔پاک-ای پی اے کے حکام نے بدھ کو ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ متعدد شکایات اور فیلڈ انسپکشن کے بعد پاک-ای پی اے کے ڈائریکٹر جنرل کی ہدایت پر کارروائی کی گئی۔

ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران انکشاف ہوا کہ اینٹوں کے بھٹے پرانی فائر ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا تھا ،جو شدید فضائی آلودگی اور ماحولیاتی انحطاط کا باعث بن تھا، یہ طرز عمل نہ صرف قومی ماحولیاتی معیارات کی خلاف ورزی ہیں بلکہ قریبی رہائشیوں کے لیے صحت کے لیے اہم خطرات کا باعث بنتے ہیں اور علاقے میں سموگ اور ہوا کے معیار کوبھی خراب کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معائنے کے دوران پاک-ای پی اے انفورسمنٹ ٹیم نے پانچ بھٹوں کی نشاندہی کی جو نقصان دہ آلودگی کا اخراج کر رہے تھے، خلاف ورزی پر ان کو نوٹس جاری کئے گئے۔پاکستان انوائرمینٹل پروٹیکشن ایکٹ 1997 کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔پاک-ای پی اے کے ڈائریکٹر جنرل نے ماحولیاتی قوانین پر سختی سے نفاذ کے لیے ایجنسی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ کسی بھی ادارے کو صحت عامہ سے سمجھوتہ کرنے یا ماحولیات کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

بھٹہ مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہوں جو ایک صاف ستھرا متبادل اخراج کا نظام ہے۔ واضح رہے کہ یہ کریک ڈاؤن فضائی آلودگی سے نمٹنے اور اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری میں پائیدار صنعتی طریقوں کو فروغ دینے کے لیے پاک-ای پی اے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔حکام نے ماحولیاتی ضوابط کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے سخت نگرانی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات