عمال میں ایران اور امریکا کے درمیان خفیہ ایٹمی مذاکرات میں اہم پیش رفت

بدھ 28 مئی 2025 22:05

مسقط(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2025ء) ایران کے صدر مسعود پزشکیان دو روزہ سرکاری دورے پر عمان پہنچ گئے، جہاں وہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری ایٹمی مذاکرات میں پیش رفت کے لیے عمان کی ثالثی پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔روانگی سے قبل اپنے خطاب میں صدر پیزشکیان نے کہا کہ ان کا مقصد خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینا ہے۔ دورے کے دوران انہوں نے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق سے ملاقات کی اور ایران کی جانب سے امریکا سے بات چیت میں عمان کی مدد کو سراہا۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ دورہ براہِ راست جوہری مذاکرات سے متعلق ہے۔ خیال رہے کہ اپریل 2025 سے اب تک عمان کی میزبانی میں ایران اور امریکا کے درمیان پانچ خفیہ ملاقاتیں ہو چکی ہیں، حالانکہ دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

جمعے کو روم میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کے نتائج تو سامنے نہیں آئے، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے ''بہت اچھی بات چیت'' قرار دیا اور کہا کہ اگلے دو دن میں بڑی خبر آ سکتی ہے۔

ایران پر ایٹمی ہتھیار بنانے کا الزام ہے جسے تہران سختی سے مسترد کرتا ہے، جبکہ امریکا ان پروگرامز کو روکنے اور پابندیوں میں نرمی کے ممکنہ معاہدے کے لیے مذاکرات کر رہا ہے۔صدر پہزشکیان کے دورے سے قبل ایران کے مرکزی بینک کے گورنر بھی عمان پہنچے، جہاں انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان بینکاری اور تجارتی تعاون پر بات چیت کی۔