چارسدہ ،یومِ تکبیر پر پروقار تقریب کا انعقاد، واک اور ملی جوش و جذبے کا مظاہرہ

ڈپٹی کمشنر ، ڈی پی او کا شہداء کو خراج عقیدت، نوجوان نسل پر ملکی سلامتی ،ترقی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے پر زور

بدھ 28 مئی 2025 22:49

چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء) یومِ تکبیر کے موقع پر ٹی ایم اے ہال چارسدہ میں ایک شایانِ شان اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر چارسدہ قیصر خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ سلیمان ظفر، میجر سفیر خان، تحصیل میئر عبدالروف شاکر، تاجر برادری، صحافی برادری، اور دیگر ضلعی و عسکری افسران نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور قومی ترانے سے ہوا۔ مقررین نے 28 مئی 1998 کو ملکی تاریخ کا روشن باب قرار دیتے ہوئے یومِ تکبیر کو قومی خودمختاری، دفاعی استحکام اور اتحاد و یکجہتی کی علامت قرار دیا۔ ڈپٹی کمشنر چارسدہ قیصر خان اور ڈی پی او چارسدہ سلیمان ظفر نے اپنے خطابات میں مادرِ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ ملکی سلامتی اور ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

تقریب میں ملی نغموں نے شرکا کے جوش و جذبے کو جلا بخشی۔ بعد ازاں یومِ تکبیر واک کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکا نے پاکستان زندہ باد،پاک فوج زندہ باداورخیبرپختونخوا پولیس پائندہ بادجیسے پرجوش نعرے لگائے۔تاجر برادری اور صحافیوں کی بھرپور شرکت نے اس قومی دن کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا، اور یہ پیغام دیا کہ ہر طبقہ فکر وطن عزیز کے استحکام اور دفاع کے لیے متحد ہے۔یومِ تکبیر کی یہ تقریب چارسدہ کے شہریوں کے لیے قومی فخر، حب الوطنی اور اتحاد کا عملی مظہر ثابت ہوئی۔