Live Updates

لاہورمیں 10 ہزار مستحق خاندانوں تک قربانی کا گوشت پہنچایا جائے گا: ثناء اللہ خان

بدھ 28 مئی 2025 22:56

لاہورمیں 10 ہزار مستحق خاندانوں تک قربانی کا گوشت پہنچایا جائے گا: ثناء ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2025ء) ڈائریکٹر آپریشنز منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ثنائ اللہ خان نے کہا ہے کہ قربانی کا مقصد مستحق، نادار، بیواؤں، یتیموں اور ضرورت مند افراد تک قربانی کا گوشت عزت و وقار کے ساتھ پہنچانا ہے۔ لاہورمیں قائم کی جانے والی مرکزی قربان گاہ سے 10ہزار مستحق خاندانوں تک گوشت پہنچانے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن قربانی مہم سے نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی جاری ہے اور ہر سال لاکھوں افراد اس سے مستفید ہوتے ہیں۔ ثناء اللہ خان نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی قربانی مہم کو تین بنیادی اصولوں پر استوارکیا جاتا ہے، شفافیت، سہولت اور انسانی وقار کا تحفظ۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانور اسلامی اصولوں کے مطابق ماہرین کی نگرانی اور جدید سہولیات کے ساتھ ذبح کیے جاتے ہیں، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام عیدالاضحی کے تینوں ایام میں ہزاروں چھوٹے بڑے جانور ذبح کئے جائیں گے، قربانی مہم کے سلسلے میں 30 سے زائد انتظامی کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے گائے کا حصہ 29 ہزار، چھترا 43ہزار اور بکرا کی قربانی کا ریٹ 48ہزار مقرر کیا ہے۔ 50فیصد سے زائد حصوں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے مرکزی قربان گاہ کے لئے حفظان صحت اور شرعی اصولوں کے مطابق جدید سلاٹر ہاؤس کا انتخاب کیا گیا ہے۔ قربانی کے گوشت کو ڈرائی آئس کے ذریعے محفوظ کر کے حصے داران اور مستحق افراد تک پہنچایا جائے گا۔ ڈرائی آئس کے استعمال سے گوشت طویل وقت تک ٹھنڈا اور تازہ رہتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات