Live Updates

بانی پی ٹی آئی نے پنجاب میں سیاسی کمیٹی تبدیل کردی،عالیہ حمزہ سربراہ مقرر

جمعرات 29 مئی 2025 22:40

بانی پی ٹی آئی نے پنجاب میں سیاسی کمیٹی تبدیل کردی،عالیہ حمزہ سربراہ ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2025ء) تحریک انصاف کے سابق چیئرمین نے پنجاب میں بنائی گئی سیاسی کمیٹی تبدیل کرتے ہوئے عالیہ حمزہ کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر کو ہدایت کی ہے کہ کمیٹی کی تبدیلی کے فیصلے سے پارٹی قیادت کو آگاہ کر دیں سابق چیئرمین نے کہا کہ قانون کی بالادستی، قوم میں یک جہتی اور انسانی حقوق کی بحالی کے لئے اِن تین شرائط پر کوئی بات کرنا چاہتا ہے تو تیار ہوں۔

گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کچھ بھی ہو جائے نہ جھکوں گا نہ مجھے کوئی توڑ سکتا ہے قانون کی بالا دستی اور قوم میں یک جہتی اور انسانی حقوق کی بحالی کے لئے اِن تین شرائط پر کوئی بات کرنا چاہتا ہے تو تیار ہوں انہوں نے کہا کہ یہ سارے مقدمات ایک ہی نوعیت کے ہے نہ ہی کوئی محکمہ مدعی ہے نہ کوئی آزاد گواہ ہے پولیس ہی مدعی ہے پولیس ہی گواہ ہے ساڑھے سات ہزار لوگوں کے لئے ایک ہی سب کچھ ہے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں سینیٹر علی ظفر نے سابق چیئرمین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ سابق چیئرمین نے واضح کیا ہے کہ کسی کے ساتھ کوئی لو اور دو نہیں ہے اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کیلئے میرے دروازے کھلے ہیں اور پاکستان کیلئے بات چیت کرنے کو تیار ہوں پاکستان میں اتحاد کی خاطر کسی بھی وقت مذاکرات کیلئے تیار ہوں۔ انہوں نے کہاکہ میں صرف انصاف چاہتا ہوں میرے کیسز جلد سے جلد سنے جائیں۔

بیرسٹر علی ظفر نے بتایا کہ سابق چیئرمین نے کہا ہے کہ احتجاجی تحریک کا اعلان ہوچکا ہے آئندہ ہفتے لائحہ عمل دینگے،علیمہ خان کے ''کچھ لو،کچھ دو'' Give اینڈ take بیان پر سابق چیئرمین کا موقف ہے کہ پاکستان کی خاطر اس کیلئے بھی تیار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میں اپنے لئے رعایت نہیں مانگ رہا مانگنی ہوتی تو بہت پہلے مانگ چکا ہوتا انہوں تحریک کا عندیہ دیتے ہوئے پارٹی قیادت کو تیار رہنے کا حکم دیا ہے انہوں نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ وکٹ کے دونوں جانب کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دونگا جبکہ سابق چیئرمین نے پنجاب میں بنائی جانے والی 4 رکنی سیاسی کمیٹی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی کمیٹی کا نوٹیفکیشن دوبارہ جاری کرنے کی ہدایت کی ہے اور یہ بھی ہدایت کی ہے کہ شمیم نقوی سمیت پارٹی قیادت کو نئے فیصلے سے آگاہ کر دیا جائے جبکہ سابق چیئرمین نے عالیہ حمزہ کو پنجاب میں سیاسی کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا ہے پہلے سیاسی کمیٹی میں سلمان اکرم راجہ، عمر ایوب، احمد خان بچھر اور عثمان اکرم شامل تھے ادھر سینیٹر علی ظفر، عالیہ حمزہ کے وکیل علی عمران اور فیصل چوہدری نے بھی اس فیصلے کی تصدیق کردی۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات