Live Updates

سٹیٹ لائف کا سرکاری ملازمین کے لیے تاحیات پینشن اسکیم لانے کا فیصلہ

رواں سال کارپوریشن اپنے پالیسی ہولڈرز کو تاریخ کا سب سے بڑا بونس دے گی، سی ای او اسٹیٹ لائف شعیب جاوید حسن

جمعرات 29 مئی 2025 21:55

سٹیٹ لائف کا سرکاری ملازمین کے لیے تاحیات پینشن اسکیم لانے کا فیصلہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء)اسٹیٹ لائف نے تمام ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے لیے تاحیات پینشن پراڈکٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، رواں سال کارپوریشن اپنے پالیسی ہولڈرز کو تاریخ کا سب سے بڑا بونس دے گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے سی ای او شعیب جاوید حسن نے بتایا کہ مجوزہ پینشن اسکیم کا خاکہ ایک ماہ میں تیار ہوجائے گا جس کی منظوری حاصل کرنے کے لیے سمری وفاقی حکومت کو ارسال کردی جائے گی، ریٹائرڈ ملازمین کے لیے مجوزہ پینشن اسکیم سے 70سال کی عمر سے زائد افراد بھی استفادہ کرسکیں گے اس ضمن میں کارپوریشن نے سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان سے وی پی ایس لائسنس بھی حاصل کرلیا ہے توقع ہے کہ مجوزہ پینشن اسکیم رواں سال ہی متعارف کرادی جائے۔

(جاری ہے)

سی ای او اسٹیٹ لائف نے بتایا کہ ادارہ سندھ حکومت کے اشتراک سے سندھ میں پرائمری ہیلتھ کیئر کے منصوبوں پر بھی کام کررہا ہے اور اس سلسلے میں وزیراعلی سندھ کی سربراہی میں ایک ورکنگ گروپ سرگرم عمل ہے۔ایک سوال کے جواب میں شعیب جاوید حسین نے بتایا کہ کارپوریشن کی گروپ انشورنس کی نمو انتہائی حوصلہ افزا ہے جبکہ مناسب قیمت اور سہولیات کی وجہ سے کارپوریٹ ہیلتھ میں بھی زبردست پذیرائی مل رہی ہے اسی طرح تکافل پراڈکٹس کی گروتھ بھی حوصلہ افزا ہے۔

چیئرمین اسٹیٹ لائف نے بتایا کہ میڈیا ورکرز کیلئے متعارف کردہ ہیلتھ کارڈ سکیم سے خیبر پختونخواہ اور پنجاب کے صحافی بھرپور انداز میں مستفید ہورہے البتہ کراچی کے صحافیوں کی جانب سے ہیلتھ کارڈز کا استعمال انتہائی محدود ہے اس سلسلے میں اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کراچی پریس کلب کے اشتراک سے صحافیوں کی آگاہی کے باقاعدہ مہم شروع کرے گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات