تحریک انصاف میں ہر بندے کی توجہ سابق چیئرمین کی رہائی کی بجائے ذاتی عہدہ اور ذمہ داری لینے پر‘ فواد چوہدری

جمعرات 29 مئی 2025 22:40

تحریک انصاف میں ہر بندے کی توجہ سابق چیئرمین کی رہائی کی بجائے ذاتی ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2025ء) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے تحریک انصاف میں ہر بندے کی توجہ سابق چیئرمین کی رہائی کی بجائے ذاتی عہدہ اور ذمہ داری لینے پر مرکوز ہے تحریک انصاف اس وقت اکیلے نظر آرہی ہے لیکن بڑی سطح پر سیاسی سیٹلمنٹ نہ ہونے تک پارٹی میں کمیٹیاں بنانے کا کوئی فائدہ نہیں جب تک حکومت کے خلاف بڑا سیاسی اتحاد تشکیل نہیں پاتا حکومت پر دباؤ نہیں ڈالا جاسکتا ۔

گز شتہ روز اڈیالہ جیل میں سابق چیئرمین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین نے پنجاب میں کمیٹی کو تبدیل کرکے عالیہ حمزہ کو اس میں ڈالا ہے لیکن میں نے سابق چیئرمین کو بتایا ہے جب تک ہم بڑی پالیٹکس سیٹل نہیں کر لیتے کمیٹیاں بنانے سے کچھ نہیں ہوگا اور جب تک بڑا الائنس نہیں بنتا حکومت پر دباؤ نہیں بڑھ سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین نے کچھ تحفظات کا اظہار کیا ہے لیکن ان کی معلومات سے لگا انہیں مولانا سے متعلق غلط بریف کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اگر الائنس نہیں بنا سکتی تو دباؤ کیسے دباؤ بن سکتا ہے سابق چیئرمین کو بتایا ہے کہ یہاں ہر بندہ کوئی کام یا ذمہ داری لینے کیلئے آتا ہے سابق چیئرمین کی رہائی کیلئے نہیں آتا ہے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کردار کشی میں اب ساری پارٹیاں شامل ہیں مسئلہ یہ ہے تحریک انصاف اس وقت اکیلے نظر آرہی ہے۔ سابق چیئرمین کا موقف ہے وہ بات چیت کرنا چاہتے ہیں لیکن میں نے انہیں بتایا کہ پہلے اپوزیشن کو اعتماد میں لینا ہوگا لیکن اس وقت تحریک انصاف اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے میں سنجیدہ نہیں۔