ملک کے انچ انچ کی حفاظت کیلئے اپنے بچے بھی قربان کر دیں گے، شیخ وقاص اکرم

ملک میں حقیقی یکجہتی کی ضرورت ہے، حکومت اپنی فسطاعیت بند کرے، سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی کی پریس کانفرنس

بدھ 28 مئی 2025 20:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء) سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے بھارت کی جانب سے حالیہ اشتعال انگیزی اور اس پر پاکستان کی جانب سے بھرپور جواب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے انچ انچ کی حفاظت کے لئے اپنے بچے بھی قربان کردیں گے، ملک میں حقیقی یکجہتی کی ضرورت ہے، حکومت اپنی فسطاعیت بند کردے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ 28مئی کسی ایک سیاسی پارٹی کا دن نہیں،28مئی 1998 کو پاکستان عالم اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بنا۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پاکستان کا ایک ایک انچ مقدس ہے اور ہم اس کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جینا ہمارا حق ہے، لیکن بدقسمتی سے موجودہ حکومت فسطائیت پر اتر آئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر ملک میں حقیقی یکجہتی چاہئے تو فسطائیت کو ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ یہ وقت بریفنگ کا نہیں، قوم کو اکٹھا کرنے کا ہے، حقیقی قومی یکجہتی کا تقاضا یہ ہے کہ تمام طبقات کو برابر کا شہری تسلیم کیا جائے اور اختلاف رائے کو دبانے کی بجائے سنا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بیرونی محاذ پر کامیابیوں کا کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن اندرون ملک عوام کے ساتھ جو سلوک روا رکھا جا رہا ہے، وہ کسی بھی مہذب معاشرے کے شایانِ شان نہیں۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بیرونی دشمن کے خلاف تو پوری قوم ایک ہے، لیکن حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ اندرونی محاذ پر آمریت کا رویہ ترک کرے اور حقیقی جمہوریت کی طرف لوٹے، تاکہ پاکستان اندرونی طور پر بھی مضبوط ہو اور بیرونی دشمنوں کو منہ توڑ جواب دینے کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی عزت کے ساتھ جینے کا حق ملے۔