Live Updates

یومِ تکبیر پر تقریبات اور ریلیاں، قومی ہیروز کو خراجِ تحسین عقیدت پیش، ملکی سرحدوں کے دفاع کے عزم کا اعادہ

بدھ 28 مئی 2025 20:40

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) لاڑکانہ میں یومِ تکبیر پر تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جس میں قومی ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ملکی سرحدوں کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں یومِ تکبیر کے موقع پر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیرِ انتظام چلنے والے لاڑکانہ لینار اسپتال میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالصمد شیخ سمیت ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل عملے نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لینار کینسر اسپتال کے ڈائریکٹر عبدالصمد شیخ نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام امن کے لیے ہے، دشمن کو پاک فوج نے ایسا جواب دیا کہ وہ گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوگیا۔ پاکستان سنی تحریک کی جانب سے بھی یومِ تکبیر کے موقع پر تقریب منعقد کی گئی جس میں سینئر صوبائی رہنما مولانا علی نواز قاسمی، ڈویژنل جنرل سیکرٹری شمس الدین سروہی، ضلعی صدر حافظ مدد علی قادری، جنرل سیکرٹری حافظ ریاض چانڈیو، عطا ﷲ ابڑو، حاجی روشن انڑ، حافظ امام الدین قاسمی، مفتی عبدالرحمان سمیت دیگر علمائے کرام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا علی نواز قاسمی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ 28 مئی ملک کا اہم دن ہے، جس دن پاک فوج کے جوانوں کے حوصلے ، ملکی سائنس دانوں اور سیاسی قیادت کی بصیرت سے پاکستان کو ایٹمی طور پر محفوظ بنایا گیا، جو ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔ جمعیت علماء پاکستان کے صوبائی رہنما مولانا منظور علی نعیمی، ضلعی صدر حافظ شعیب جونیجو، جنرل سیکرٹری حافظ اللہ جڑیو مغیری، ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ روشن علی انقلابی، مولانا جنید مصطفیٰ سرہیو، جاوید علی ٹگڑ، حافظ گلزار جاگیرانی نے 28 مئی یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کو 27 سال مکمل ہوچکے، ہم ان عظیم ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں، آج 28 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ کا وہ ناقابلِ فراموش دن ہے، جس دن ہم نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہم ایک خوددار، باوقار اور ناقابلِ تسخیر قوم ہیں، یہ کارنامہ اُن عظیم اشخاص کی قربانیوں، دور اندیشی اور محب وطنی کے بغیر ممکن نہیں تھا۔

یومِ تکبیر کے موقع پر چیئرمین درڑی ٹاؤن شاہ رخ انور سیال نے اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے، جب 28 مئی 1998 کو ملک نے پہلی بار ایٹمی تجربے کر کے دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ ہمیں اپنی پاک فوج پر فخر ہے جس نے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا، پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو اسی طرح بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

یومِ تکبیر کے موقع پر سماجی تنظیم پاک ڈیفینڈر سول آرگنائزیشن ڈویژن کی جانب سے سکندر علی ابڑو، محمد علی ابڑو، سراج احمد سومرو، یاسر رمضان جھتیال، سعد اﷲ شاہ، عجب گل جتوئی اور دیگر کی قیادت میں شہر کے لاہوری ریگولیٹر سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جہاں انہوں نے ہاتھوں میں بینرز، پلے کارڈز اور قومی پرچم تھام کر نعرے بازی کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات