خطے کو اڑیال کی بقا و تحفظ اورایکو ٹورازم کا مرکز بنایا جائیے گا ، مبین الہی

جمعرات 29 مئی 2025 15:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) سینئروزیر مریم اورنگزیب اور سیکرٹری جنگلات ،جنگلی حیات و ماہی پر وری پنجاب مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر چیف وائلڈلائف رینجرمبین الہی نے صوبہ میں جنگلی حیات کی بقاو تحفظ اور ایکوٹورازم کے فروغ کے سلسلہ میں مختلف اقدامات پر عملدرآمدیقینی بنانے کیلئے اس تناظر میں ہونیوالے متعدد منصوبوں کا جائزہ لینا شروع کردیاہے۔

ترجمان محکمہ جنگلی حیات کیمطابق جمعرات کے روز انہوں نے سالٹ رینج ریجن کا خصوصی دورہ کرکے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025-26کے تحت سالٹ رینج نیشنل پارک میں قائم ہونے والے اڑیال بریڈنگ سنٹر اور سیٹلائٹ بریڈنگ اسٹیشن کی سا ئٹ اور متعدد دیگر ترقیاتی کاموں کاجائزہ لیا ۔ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجرہیڈ کوارٹرز لاہور جنید ندیم بھی اس خصوصی دورہ میں ان کے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجرسالٹ رینج ریجن زاہد علی خان نے سالٹ رینج ریجن میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025-26اور اپ گریڈیشن آف گرین پاکستان پروگرام کے تحت ہونیوالے مختلف ترقیاتی منصوبوںپر تفصیلی بریفنگ دی ۔ ڈی جی وائلڈلائف نے خاص طور پرسالٹ رینج نیشنل پارک میں سمبلی نارتھ فاریسٹ میں قائم ہونیوالے اڑیال بریڈنگ سنٹر کی ترقی و ترویج اور وہاں ایکو ٹورازم کے تناظر میں قابل عمل پہلوئوں نیز پھڈیال وائلڈلائف سینگچوری میں اڑیال کیلئے سیٹلائٹ بریڈنگ اسٹیشن کی سائٹ کے انتخاب اور حال ہی میں قائم ہونیوالی سی بی سی (کمیونٹی بیسڈ کنزروینسی ) کنگ لینڈ جھنگڑکے عہدیداران سے ملاقات کی ا ور ان کی جانب سے اڑیال کے تحفظ کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

ڈی جی وائلڈلائف مبین الہی نے کہا کہ خطے کو اڑیال کی بقا و تحفظ اورایکو ٹورازم کا محور و مرکز بنایا جائیگا ۔ انہوں نے دلجبہ وائلڈلائف سینگچور ی، وائلڈلائف چیک پوسٹ خان پورسر، سالٹ رینج نیشنل پارک کلر کہار کے فیلڈایریاز اور وہاں پنجاب اڑیال کی آبادی کے تخمینے اور سروے کا جائزہ لیا اور پنجاب اڑیال کے بذریعہ ڈرون فلمبند کئے گئے، ایک ریوڑ کا مشاہدہ بھی کیا۔